سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے محکمۂ صحت نے کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے اہم ہدایت نامہ جاری کردیا۔
محکمۂ صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کرونا کی علامات ظاہر ہونے اور ٹیسٹ کروانے کے لیے شہری پہلے نمبر پر رابطہ کریں اور اطلاع کے بغیر کسی دفتر نہیں پہنچے تاکہ وائرس کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے۔
اس ضمن میں سعودی عرب کے وزارت صحت نے ہیلپ لائن نمبر 937 جاری کیا اور شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ تیز بخار، نظام تنفس میں خرابی کی علامات ظاہر ہونے پر حکام کو آگاہ کریں اور فوری طور پر ٹیسٹ کرائیں۔
وزارت کے ترجمان ڈاکٹر محمد عبدالعالی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ علاقوں میں رہنے والے شہری بھی مذکورہ نمبر پر اطلاع دیں تاکہ اُن کے خاندانوں اور کمیونٹی کو مہلک وائرس سے تحفظ فراہم کیا جائے اور لوگوں کی بروقت مدد کی جائے۔
ڈاکٹر محمد عبدالعالی کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کے مختلف شہریوں میں واقع 25 اسپتالوں میں 2200 سے زائد بستروں کو کرونا کے مریضوں کے لیے مختص کردیا گیا جبکہ 1400 کے قریب خصوصی کمرے (آئسولیشن وارڈ) تیار کیے گئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق اسکرینگ اور رپورٹ جاری ہونے کے بعد اگر مریض وائرس سے متاثر ہوا تو اُسے دیگر سے علیحدہ کر کے فوری طور پر مقررہ اسپتال منتقل کیا جائے گا اور پھر علاج کا سلسلہ شروع ہوگا۔
کرونا سے متاثرہ کسی بھی شخص سے ملاقات نہ کریں۔
اگر گزشتہ چودہ روز کے اندر ملاقات ہوئی اور علامات ظاہر ہونا شروع ہوگئیں تو فوری طور پر ٹیسٹ کروائیں۔
متاثرہ ممالک کا سفر کرنے والے چودہ روز تک اپنی سرگرمیاں محدود کریں اور فوری طور پر ٹیسٹ کروائیں۔