جمعرات, 09 مئی 2024


نامعلوم ڈرونز کو پکڑنے کے لیے جاپان پولیس کا ڈرون اسکواڈ تیار

ایمز ٹی وی (سائنس اینڈٹیکنالوجی) فضاؤں میں اڑتے چھوٹے چھوٹے ڈرونز مختلف کام سر انجام دیتے نظر آتے ہیں لیکن اکثر لوگ انہیں شوق میں اڑاتے ہیں جس سے اس بات کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ یہ ڈرونز دہشت گردی کے لیے بھی استعمال ہو سکتے ہیں اسی لیے جاپان نے ان ڈرونز کے لیے پولیس کا ڈرون اسکواڈ تیار کیا ہے جو ان ڈرونز کو سیکورٹی زون میں آنے سے خبردار کرے گا اور اگریہ باز نہ آئے تو انہیں جال میں پھنسا کر گرا دے گا۔

ٹوکیو پولیس کو یہ خیال کچھ عرصہ قبل وزیر اعظم ہاؤس کے چھت پر اترنے والے ایک نامعلوم ڈرون کے بعد آیا جس میں تابکاری شعاعوں والا خطرناک میٹریل موجود تھا۔ پولیس کے مطابق یہ ڈرون اسکواڈ اہم عمارات کے گرد پیٹرولنگ کرے گا اور اگر جیسے ہی کوئی مشتبہ ڈرون نظرآئے گا تو لاؤڈ اسپییکر کے ذریعے اسے خبردار کیا جائے گا کہ وہ عمارت سے دور ہوجائے اور اگر ایسا کرنے پر بھی وہ ڈرون عمل نہیں کرے گا تو پولیس ڈرون اسکواڈ اس کا پیچھا کرکے اس پر جال پھینک کر اسے گرا دے گا۔ جاپان سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کے سینئر اہلکارکا کہنا ہے کہ دہشت گرد ڈرون میں دھماکا خیز مواد رکھ کر اسے دہشت گردی کے لیے استعمال کرسکتے ہیں اس لیے انہیں امید ہے کہ اس اسکواڈ کی مدد سے اس خطرے سے نمٹا جا سکے گا۔

جاپان میں ڈرون بنانے والی ایک فرم کا کہنا ہے کہ جاپان میں ایئرپورٹ، پاور پلانٹ، شاہراؤں پر 150 میٹر سے اوپراور دیگر اہم عمارتوں کے قریب پرواز غیر قانونی ہے۔ جاپانی لیگل فرم کے مطابق جاپانی پولیس کے ڈرون اسکوا ڈ کا جال کے ذریعے ڈرون کو گرانا ایک دلچسپ طریقہ ہے اس سے ڈرون کے غیر قانونی اڑان کو روکنے میں مدد ملے گی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment