ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)ہر انسان اپنے یادگار لمحات کو تصاویر اور ویڈیو کی صورت میں قید کرنے کی خواہش کرتا ہے تاکہ وہ اسے اپنے دوستوں سے بھی شیئر کرسکے لیکن اگر آپ کے پاس ایل جی ایکشن کیم موجود ہو تو ہر منظر کو نہ صرف باآسانی ریکارڈ کر سکتے ہیں بلکہ براہ راست دوستوں کو بھی دکھا سکتے ہیں۔
ایل جی کمپنی کے اس نئے جدید کیمرے کو ایکشن کیم کا نام دیا گیا ہے۔ یہ کیمرا الٹرا ایچ ڈی فوٹیج نہ صرف ریکارڈ کرسکتا ہے بلکہ اسے براہ راست یوٹیوب یا کسی بھی اسٹریمنگ ویب سائٹ پر دکھا بھی سکتا ہے۔ ویڈیو کو نشر کرنے کے لیے اس میں تھری جی، فور جی، ایل ٹی ای اور وائی فائی کی سہولت موجود ہے۔ یہ کیمرا خاص طور پر ایڈونچر کے شوقین افراد کے لیے بنایا گیا ہے اس لیے اسے اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اسے پانی اور دیگر چیزوں سے نقصان بھی نہ پہنچے۔
اس کیمرے کے ہوتے ہوئے آپ کو کسی منظر کی ریکارڈنگ کے لیے موبائل فون کی ضرورت نہیں رہتی۔ یہی نہیں اسے گھر کی حفاظت کے لیے بطور سی سی ٹی وی بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح آپ اپنے گھر کی صورت حال ہر وقت براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔ اس کیمرے میں ڈیٹا ٹرانسفر کرنے کے لیے بلوٹوتھ اور یو ایس بی کے آپشنز موجود ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں 1400 ایم اے ایچ کی بیٹری موجود ہے جو 4 گھنٹے کی ہائی ڈیفی نیشن ویڈیو ریکارڈ کرنے کے لیے کافی ہے۔