ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) افغان دارالحکومت کابل ایک مرتبہ پھردھماکے سے گونج اٹھا ، بگرام ایئربیس کے قریب واقع غیر ملکیوں کے گیسٹ ہاؤس پر بارود سے بھرے ٹرک سے حملہ کیا گیا۔
افغان ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کابل کے نواحی علاقے میں بگرام ایئربیس کے قریب واقع نارتھ گیٹ گیسٹ ہاؤس کو بارود سے لدے ایک ٹرک سے نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے وقت گیسٹ ہاؤس میں غیرملکی شہری قیام پذیر تھے۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق ایک سکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ اس حملے میں چار مسلح افراد بھی ملوث ہیں۔
دھماکے کے بعد علاقے کو سیکورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ دھماکے کے بعد علاقے سے فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں ہیں تاہم تاحال حکام کی جانب سے کسی شخص کےہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔ افغان حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے غیرملکیوں سمیت متعدد افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے، حملے میں غیرملکی فوجیوں کے ہوٹل اور لاجسٹک کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا،حملہ آوروں کی گیسٹ ہاؤس کے اندر موجودگی کی اطلاع ہے جبکہ غیرملکی اسپیشل فورسز بھی جائے وقوع پرپہنچ گئی۔
یاد رہے کہ تین سال قبل بھی اس مقام کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گذشہ دنوں کابل میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کے ایک مظاہرے بھی خودکش حملے میں کم از کم 80 افراد ہلاک اور 230 سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔