ایمز ٹی وی(ریاض) ہمارے ہاں کرپشن کی صورتحال اس قدر شرمناک ہو چکی ہے کہ حج و عمرہ کی تقدیس کو بھی بالائے طاق رکھتے ہوئے کرپٹ عناصر عازمین کو لوٹتے ہیں اور خوار کر دیتے ہیں۔
ان سے یہاں بھاری رقوم تو وصول کر لی جاتی ہیں لیکن سعودی عرب پہنچنے پر انہیں کوئی سہولت فراہم نہیں کی جاتی۔ اب عازمین کے لیے خوشخبری ہے کہ سعودی حکومت نے عازمین کے حقوق کا معاملہ اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور ان کے تحفظ کے لیے نئے ضوابط متعارف کروا دیئے ہیں۔سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے اپنی ویب سائٹ پر نئے ضوابط پر مبنی دستاویز شائع کی ہے۔
ان نئے ضوابط کے تحت سعودی وزارت حج غیرملکی عازمین کو سروس فراہم کرنے والی فرمز کے ساتھ معاہدے کریں گی جن میں عازمین اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزارت یقینی بنائے گی کہ عازمین کو مناسب رہائش، ٹرانسپورٹ، خوراک اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔وزارت حج و عمرہ سروسز دینے والی کمپنیوں کے خلاف عازمین کی شکایات موصول کرے گی اور ان کی فراہم کردہ سہولیات پر ریمارکس بھی لے گی۔ اگر کسی کمپنی کے خلاف شکایات موصول ہوئیں تو ایک کمیٹی کے ذریعے اس کی تحقیقات کروائی جائیں گی اور قصور وار ثابت ہونے پر، جرم کی مناسبت سے کمپنیوں کو جرمانہ کیا جائے گا، ایک یا زیادہ سیزن کے لیے ان کی سروس معطل کر دی جائے گی یا پھر ان کا لائسنس ہی منسوخ کر دیا جائے گا