ایمز ٹی وی(جدہ) سعودی حکومت نے بھارتی مسلمانوں کے حج کوٹے میں 34ہزار 5سوحاجیوں کا غیر معمولی اضافہ کر دیا ،معاہدے پر دستخط ہو گئے ،29سال بعد سعودی حکومت نے ہندوستانی عازمین حج کی تعداد میں اتنا بڑا اضافہ کیا ،رواں سال 1لاکھ 70ہزار 4سو3بھارتی عازمین حج کی سعادت حاصل کریںگے
بھارتی میڈیا کے مطابق عازمین حج کے کوٹے میں اضافہ کرنے سے متعلق سعودی حکومت اور ہندوستان کے درمیان باقاعدہ معاہدہ پر دستخط ہو گئے ہیں جس کے تحت حج 2016ء کے مقابلے میں رواں سال 2017ء میں 34500 عازمین حج کے کوٹہ بڑھا دیا گیا ہے، بھارتی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور سید مختار عباس نقوی اور سعودی وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر نے حج 2017ء کے کوٹے میں اضافہ سے متعلق ایک تقریب میں دستخط کئے۔بھارتی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور سید مختار عباس نقوی کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ سعودی حکومت نے ہندوستانی عازمین حج کوٹے میں 34500کا اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1988ء کے بعد ہندوستان سے سفرحج پر جانے والے عازمین کے کوٹے میں پہلی بار اتنا بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔
مختار نقوی نے بتایا کہ ڈاکٹر محمد صالح سے ان کی ملاقات بہت تعمیری رہی جس میں ہندوستانی عازمین کے کوٹے میں اضافہ، حج2017ء کے دوران عازمین کے لئے ٹرانسپورٹ، رہائش اور حفاظتی انتظامات سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی، حج کا عمل ہندوستان اور سعودی عرب کے باہمی رشتوں کو مضبوط بنانے کا ایک اہم وسیلہ ہے، یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ سفرحج کے دوران عازمین کو دی جانے والی سہولیات کو بہتر سے بنانے میں سعودی حکومت نے ہمیشہ سے ہی بھرپورکوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں ہندوستان اورسعودی عرب کے تعلقات کو مزید استحکام اور مضبوطی ملے گی۔