ھفتہ, 23 نومبر 2024


ہندوستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کو توڑ دیا ،راہول گاندھی

 

ایمز ٹی وی(نئی دہلی) ہندوستان کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے ایک مرتبہ پھر نریندرا مودی اور بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا ہے

بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہمیشہ سے سوچ لوگوں کو ڈرانے والی رہی ہے جبکہ کانگریس مودی کی جانب سے پھیلائے ہوئے ڈر کو مٹانے کا کام کرتی ہے ، بی جے پی کے نظریات ڈرانے والے رہے ہیں ، وہ سوچتے ہیں کہ وہ ڈرا کر ہندوستان میں اقتدار پر قابض رہ سکتے ہیں،مودی اور ان کی جماعت نے پورے ملک میں نوٹ بندی ، ماؤنواز اور دہشت گردی کے نام پر ڈر پھیلایا ہے، بی جے پی کی پالیسیاں کہتی ہیں ’’ڈراؤ‘‘ ان کا مقصد پورے ہندوستان کو ڈرانے کا ہے، جبکہ کانگریس کی ہزاروں سال پرانی سوچ کہتی ہے ڈرو مت، ہر حالات کا سامنا کرو، ہندوستان کے کسی شہری کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

کانگریس اراکین سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ بی جے پی نے آئینی اداروں کو کمزور کیا ہے، ہمیں 70 سال کا حساب دینے کی ضرورت نہیں ہے، کانگریس نے ملک کے لئے قربانیاں دی ہیں، نوٹ بندی وزیر اعظم کا ذاتی فیصلہ تھا، مودی نے آر بی آئی کا مذاق اڑایا ہے، آر بی آئی گورنر کے مشورے کو نظر انداز کیا گیا، ہم نے نوٹ بندی پر عوام کی آواز اٹھائی ہے،

نوٹ بندی کی کسی بھی ماہر اقتصادیات نے تعریف نہیں کی۔انہوں نے مودی کو لتاڑتے ہوئے کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ انتخابات میں’’ کانگریس سے پاک ہندوستان ‘‘ کا نعرہ لوک سبھا میں لگاتے ہیں ، یہ نئے ہندوستان کی بات کرتے ہیں، ہم بیکار ہیں کیا؟ ایک ہی آدمی نئے ہندوستان کی تعمیر کرے گا ؟ باقی سب پاگل ہیں کیا ؟ صرف نریندر مودی ہی سب کچھ صحیح کر سکتے ہیں؟ اس ملک نے انگریزوں کو بھگایا ہے، یہ عقل مند ملک ہے، ہم چاند تک پہنچ چکے ہیں، ہم ملک کی سچائی کو مانتے ہیں اور اس سے محبت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے ہندوستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کو توڑ دیا ہے، نوٹ بندی ایک بہانا ہے، مودی جی کو پتہ لگ رہا ہے کہ یوگا’’اسکل انڈیا ‘‘اور’’ میک ان انڈیا‘‘ کے پیچھے وہ چھپ نہیں پائیں گے۔راہول گاندھی نے امیتابھ بچن کی فلم’’ نمک حلال‘‘ کے ایک گانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندی کے ذریعہ وزیر اعظم نے غریبوں کا پیسہ پھنسایا ہے’’رام رام جپنا، غریب کا مال اپنا‘‘یہ سوچ ہے سوٹ بوٹ والی حکومت کی اور اسی سوچ کو ہمیں ہرانا ہے، ہم ان سے نفرت نہیں کرتے ہیں ،

ان سے غصہ نہیں ہیں ، ہم ان کے نظریات کو ہرائیں گے ، کسی بھی بھارتی شہری کو ان سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے، مودی جی نے جھاڑو غلط پکڑی تھی، وہ’’ میک ان انڈیا‘‘ پروگرام چلاتے ہیں اور آج آٹوموبائل سیکٹر 60 فیصد نیچے چلا گیا،ہم نے 70 سال میں آر بی آئی کی اور عدالت کی عزت کی، پریس کی عزت کی، آپ (مودی حکومت ) نے کسی کو پوچھے اورکسی کو بتائے بغیر جیب کا پیسہ کاغذ بنا دیا، کیااب ملک کو صرف نریندر مودی اور موہن بھاگوت چلائیں گے؟ ہم ملک کے اداروں کو بچا کر رکھیں گے، ہم مودی جی کی سوچ کی مخالفت کرتے ہیں اور ان کو شکست دے کر رہیں گے

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment