جمعہ, 22 نومبر 2024


داعش کے ہاتھوں 21عیسائیوں کا سر قلم

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)  امریکا نے دولت اسلامیہ برائے عراق و شام (داعش) کی جانب سے لیبیا میں 21 مصری عیسائیوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے "گھٹیا " حرکت قرار دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان ارنسٹ جوش نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا داعش کی جانب سے لیبیا میں 21 عیسائی مصری شہریوں کے گھٹیا اور بزدلانہ قتل کی مذمت کرتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ داعش کی بربریت کی کوئی حد نہیں ہے، یہ ایمان، نسل اور فرقے سے بالا تر اور بے لگام ہے اور حالیہ خونریزی داعش کے خلاف عالمی برادری کو مزید متحد کردے گی۔

اسلامک اسٹیٹ عرف داعش کی جانب سے حال ہی میں انٹرنیٹ پر ایک ویڈیوجاری کی گئی ہے جس میں 21 عیسائی مصری شہریوں کو قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ساتھ ہی مصری صدر کو "مناسب" سزا تجویز کرنے پر بھی اکسایا گیا۔ فوٹیج میں ہتھکڑیوں کے ساتھ نارنجی جمپ سوٹ میں ملبوس مصری مغویوں کو سیاہ لباس پہنے داعش کے جنگجوکی جانب سے قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

اس ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد مصر کے صدرعبدل الفتاح السیسی نے ملک میں 7 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک اس بات کا حق رکھتا ہے کہ وہ ان "دہشت گردوں کو سزا دے"دوسری جانب امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نےبھی اپنے تعزیتی پیغام میں مصری شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment