نیو دہلی: بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت نے6 ماہ کیلیے صدارتی راج نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بھارتی حکومت نے گورنر مقبوضہ کشمیر ستیا پال ملک کی سفارشات منظور کرنے کے بعد صدارتی راج کے نفاذ کا فیصلہ کیا جس کے بعد کل سے مقبوضہ وادی میں 6 ماہ تک کے لیے صدارتی راج نافذ رہے گا۔ صدارتی راج کے نفاذ کے دوران عام انتخابات کا اعلان کیا جائے گا تاہم مقبوضہ کشمیر میں عام انتخابات کا اعلان نہ ہونے صورت میں صدارتی راج مزید 6 مہینے کے لیے بڑھایا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے جس کے نتیجے میں صرف رواں ماہ کے دوران متعدد افراد شہید ہوچکے ہیں جب کہ 15 دسمبر کو بھارتی فوج نے نہتے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کرکے 14 نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔