واشنگٹن / لندن: دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وجہ سے جرائم کی شرح میں غیر معمولی کمی دیکھی جارہی ہے تاہم گھروں میں خواتین پر گھریلو تشدد میں اضافہ ہوگیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں پرتشدد جرائم کی شرح کم ہوگئی ہے، رپورٹ کے مطابق امریکا میں وبا کے مرکز نیویارک سٹی میں فروری سے مارچ تک جرائم میں 12 فیصد کمی دیکھی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ میں لاک ڈاؤن کے باعث قتل کی شرح 326 سے کم ہو کر 94 ہوگئی۔
جنوبی افریقہ میں خواتین سے زیادتی کی شرح بھی کم ہوگئی، لاک ڈاؤن کے پہلے ہفتے میں زیادتی کے واقعات 700 سے کم ہو کر 101 ہوگئے۔
سینٹرل امریکا کے ملک ایل سلوا ڈورمیں مارچ میں صرف 65 قتل کی وارداتیں ہوئیں جو فروری میں 114 تھیں۔
اسی طرح جنوبی امریکی ملک پیرو میں گزشتہ ماہ جرائم کی شرح میں 84 فیصد کمی ہوئی، پیرو میں روزانہ 15 لاشیں ملنا معمول کی بات تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ لاک ڈاؤن کے دوران جس جرم میں اضافہ ہوا وہ گھریلو تشدد ہے، برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ گھریلو تشدد کے سبب ہاٹ لائن پر مدد مانگنے والوں میں 120 فیصد اضافہ ہوا۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 17 لاکھ 84 ہزار 331 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں وائرس سے 1 لاکھ 8 ہزار 962 اموات ہوچکی ہیں۔