کیلفورنیا: فیس بک نے امریکا میں ایک نئی ٹیب متعارف کرائی ہے جو آپ کی ہدایت کے تحت خبریں دکھاتی ہے اور اسے براہِ راست موبائل ایپ میں دیکھا جاسکتا ہے۔
چند روز قبل کچھ منتخب امریکی صارفین کی فیس بک ایپ پر ایک ٹیب نمایاں ہے جو ظاہر ہے تجرباتی یا آزمائشی طور پر جاری کیا گیا ہے۔ اس تناظر میں آپ فیس بک کی بعض پوسٹس کی ترجیحات کے علاوہ خصوصی طور پر خبروں کی فیڈ کو کنٹرول کرسکتے ہیں۔
’اس ٹیب کے ذریعے آپ نہ صرف فیس بک اسٹوریز قابو رکھ سکتے ہیں بلکہ اپنی پسند کے موضوعات کی خبروں پر بھی نظر رکھ سکتے ہیں اور یہ سب کام براہِ راست ایپ پر کیا جاسکتا ہے،‘ فیس بک کے عہدے دار کیمبل براؤن نے اپنے بلاگ میں بتایا ۔
اس ٹیب کی بدولت آپ قومی نوعیت کی خبریں دیکھ سکتے ہیں اور ساتھ ہی دیگر خبریں بھی نیوزفیڈ میں ملتی رہتی ہیں۔ جیسے جیسے خبریں رونما ہوتی رہتی ہیں عین اسی طرح وہ نمودار ہوتی رہیں گی۔ فیس بک کے مطابق نئی مجوزہ ٹیب کے ذریعے فیس بک پر دیکھی جانے والی خبروں کو چار حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ ان میں اول عمومی خبریں، دوم موضوعاتی خبریں، سوم متفرق خبریں اور چہارم مقامی خبریں شامل ہیں۔
اس دوران آپ جو خبریں نہیں دیکھنا چاہتے اسے چھپا بھی سکتے ہیں اور اپنے پسندیدہ موضوعات کو سی فرسٹ یعنی پہلے بھی دیکھ سکتے ہیں ۔ فیس بک کے مطابق اس میں الگورتھم اور خود صارف کی پسند و ناپسند کو شامل کیا گیا ہے تاکہ بہتر سے بہتر انداز میں خبریں دیکھی جاسکیں۔