Reporter SS
اسلام آباد: ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناکےمزید 2 مریض انتقال کرگئے۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے متاثر مزید 2 افراد انتقال کر گئے جبکہ 158 مریضوں کی حالت نازک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے17 ہزار872 ٹیسٹ کئےگئے جس میں 449افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔
این آئی ایچ کا مزید کہنا ہے کہ کورونا کے 158 مریضوں کی حالت نازک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.51 ریکارڈ کی گئی۔
کراچی: نشان حیدریافتہ فلائٹ آفیسر راشد منہاس شہیدکی51ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔
فلائٹ آفیسر راشد منہاس نے7 فروری1951کوکراچی میں آنکھ کھولی، بی ایس سی پی اے ایف اکیڈمی رسالپور سے کی اور پھر پاک فضائیہ میں شمولیت اختیارکرلی،20 اگست 1971کو اپنی دوسری سولو فلائٹ کے دوران راشد منہاس نے بہادری کابے مثال کارنامہ سرانجام دیا۔
راشدمنہاس نے پاک فضائیہ کا جنگی جہازبھارت لے جانے کی کوشش ناکام بنائی اور انتہائی کم عمری میں جام شہادت نوش کرکے ملک کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدرحاصل کیا۔
راشد منہاس کا تھری تھرٹی جیٹ ٹرینر(ڈبل کاک پٹ)جنگی جہاز نے جس وقت اڑان بھری توانھیں معلوم ہوا کہ ان کے ساتھ موجود فلائٹ انسٹرکٹر مطیع الرحمن جہاز کو بھارت لیجانا چاہتا ہے مگرپاک فضائیہ کے جانباز سپاہی نے دشمن کے ناپاک ارادوں کو بھانپ کرجنگی جہازکا رخ زمین کی جانب موڑدیا اوریوں بھارت کی سرحد سے 51کلومیٹر کی دوری پر سندھ کے ضلع ٹھٹھ کے قریب گرکرتباہ ہوگیا، اس بہادری کے صلے میں راشد منہاس کو ملک کے سب سے بڑے فوجی اعزازنشان حیدرسے نوازاگیا۔
سری لنکا: ایشیاکپ سے پہلے سری لنکن ٹیم کو فٹنس مسائل نے گھیر لیا۔اعلان کردہ ٹیم کے دو کھلاڑی انجریز کی وجہ سے ٹیم سےباہر ہوگئے۔
سری لنکن میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فاسٹ بولر بینورافرنینڈو اور اور کاسن راجیٹھا کا نام ایشیا کپ کے لیے ٹی20 اسکواڈ میں شامل تھا تاہم اب دونوں پلئیرز انجریز کی وجہ سے ایشیا کپ سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ ڈیشمنتھا چیمیرا کی بھی ایونٹ میں شرکت مشوک ہے۔
دوسری جانب انجریز کے شکار کھلاڑیوں کی جگہ ایشیٹھا فرننینڈو اور پرامود مڈسنیھا کی ٹیم میں شرکت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا کی میزبانی میں ایشیا کپ کا آغاز 27 اگست سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہورہا ہے، ایونٹ میں لنکن ٹائیگرز اپنا پہلا میچ افغانستان کےخلاف کھیلے گی جس کے بعد انہیں پاکستان اور بھارت جیسی مضبوط ٹیموں کا چیلنج درپیش ہوگا۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کوالیفائرز کا آغاز آج سے اومان کے امارات کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا، جس میں یو اے ای،کویت،سنگا پور،ہانگ کانگ کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
لاہور : بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہورنےسپلیمنٹری امتحانات کانام تبدیل کردیا۔
ترجمان کے مطابق سپلیمنٹری امتحانات کا نام سیکنڈسالانہ امتحان ہوگا اور سیکنڈ سالانہ امتحان میں فیل شدہ اورفریش امیدواربھی امتحان دیں سکیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ سپلیمنٹری امتحانات میں پہلے نئے امیدوارامتحان نہیں دے سکتے تھے۔
کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ کونسل کی فیتھ سوسائٹی نےحکمت انسٹیٹیوٹ اور الایمان انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے2 روزہ سالانہ یوتھ سمٹ کا انعقاد کیا جس میں طلباء کو صلاحیتوں ،اعتماد سازی اور بنیادی اسلامی اقدار کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔
اس حوالے سے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نےاسٹوڈنٹ کونسل کو سراہا اور کہا کہ ہماری قومی اور بین الاقوامی مسلم کمیونٹی کے رہنماؤں کو نوجوانوں کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے انہیں قیمتی وسائل کے طور پر دیکھنا ہوگا، نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں،ترقی یافتہ ممالک نے نوجوانوں کو معیاری تعلیم دیکر ہی ترقی کے منازل طے کیے۔سمٹ میں رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، چیئرمین اسٹوڈنٹ کونسل پروفیسر ڈاکٹر کیفی اقبال اور ایڈیشنل ڈائریکٹر پروفیشنل ڈیولپمنٹ سینٹر ڈاکٹر سیدہ زرین رضا نے شرکت کی اور اسٹوڈنٹ کونسل کی کاوشوں کو سراہا۔
مینجمنٹ کنسلٹنسی فرم کے بانی اور سی ای او شاہ زیب اعجاز نے مسلم نوجوانوں کی شناخت کے لازمی جزو’’حیا‘‘ پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر گردش کرتے بے ہودہ مواد سے خود کودور رکھنا چاہیے، اپنی مذہبی روایات پر قائم رہنا اور خود کو عملی مسلمان بننے کی ترغیب دینا چاہیے اور اپنا قیمتی وقت دین کو سمجھنے اور سیکھنے میں لگانا چاہیے۔
سمٹ کے دوران اسحاق بن صادق کی طرف سے مستقبل کے لیڈرز اور حیدر قیصر کی جانب سے سوشل میڈیا کے رجحانات کے اثرات کے بارے میں گفتگو کی گئی۔ سیشن کی نظامت ایم بی بی ایس کے چوتھے سال کے طالب علم محمد حسن نے کی، کانفرنس کے اختتام پر، منتظمین نے اسپانسرز حکمت انسٹی ٹیوٹ اور الایمان انسٹی ٹیوٹ کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔سالانہ یوتھ سمٹ میں طلباء کے لیے کتابیں اور کھانے کے اسٹالز جیسی سرگرمیاں بھی شامل تھیں
لاہور: ورلڈ جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان نےفاتحانہ آغازکردیا۔
ٹیم چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے گیانا کو 0-3 سے ہرادیا، اصحاب عرفان نے نکولز ویروی،حمزہ خان نے اسماعیل کاروہال کو شکست دی جبکہ نور زمان نے بھی بغیر کوئی گیم ڈراپ کیے شوماری ولٹشائر کو مات دی۔
گروپ سی میں پاکستان ٹیم بدھ کو دو میچز کھیلے گی،صبح کے سیشن میں پاکستان کا مقابلہ نیدرلینڈز جبکہ شام میں ہانگ کانگ سے ہوگا۔
واضح رہے کہ فرانس میں ہونے والی ورلڈ جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں 23 ملکوں کی ٹیمیں شریک ہیں۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے شہر میں حالیہ بارشوں کے پیش نظر آج ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ اور خصوصی امیدواروں کے پرچے اور سائنس گروپ کے عملی امتحانات (پریکٹیکل) ملتوی کردیئے ہیں۔
تمام ملتوی شدہ پرچے اب بروز جمعرات 25 اگست کو انہی امتحانی مراکز پر پہلے سے دیئے گئے شیڈول اور وقت پر لیے جائیں گے جبکہ عملی امتحانات (پریکٹیکل) ری شیڈول کرنے کیلئے کالجوں کو ہدایت کردی گئی ہے۔
بورڈکے مطابق جو پرچے ملتوی کئے گئے ہیں ان میں آرٹس ریگولر و پرائیویٹ کے اردو ایڈوانس پرچہ دوم، عربی پرچہ دوم، فارسی پرچہ دوم، سندھی (اختیاری) پرچہ دوم، انگلش (اختیاری) پرچہ دوم، میتھمیٹکس پرچہ دوم اور خصوصی امیدواروں کا کمپیوٹر سائنس پرچہ اول شامل ہیں۔
دبئی:پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی فروخت میں مانگ اضافے کے پیش نظر ٹکٹنگ پلیٹ فارم نے پہلے آئیے، پہلے پائیے کی خریداری کی پالیسی ترتیب دے دی ۔
ایشیاکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین میچ کے ٹکٹ کے ساتھ 2 دیگر میچز کی ٹکٹ خریدنے کی شرط عائد کردی گئی۔
متحدہ عرب امارات میں ہونے ایشیاکپ کیلئے پاکستان اور بھارت ٹیمیں 28 اگست کو ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی تاہم اس سے قبل میچ کے پہلے مرحلے کے ٹکٹس محض 3 گھنٹوں میں فروخت ہوچکے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے کے ٹکٹس کی فروخت کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
منتظمین نے روایتی حریف کے میچ کے مہنگے ٹکٹس پلاٹینم کیٹیگری میں رکھے ہیں جبکہ روایتی حریفوں کے درمیان میچ کے ساتھ کسی دوسرے 2 میچز کی بھی ٹکٹ خریدنا ہوں گی۔ٹکٹس کے حصول کیلئے شائقین کرکٹ کو آن لائن قطار میں لگانا ہوگی۔
کراچی: آواز انسٹیٹیوٹ آف میڈیا اینڈ مینجمنٹ سائنسزکےزیراہتمام پاکستان کی75ویں یوم آزادی کی تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب کی صدارت کرتے ہوئے ریکٹر ڈاکٹر سلیم شہزاد کاکہنا تھا کہ آج اللہ کے فضل و کرم سے ہم پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کا جشن منارہے ہیں 75سال قبل برصغیر میں رہنے والے مسلمانوں میں وہ جوش و جذبہ اور ولولہ تھاکہ ہمارے بزرگوں نےاپنی آنے والی نسلوں کےلئے لازوال قربانیوں دےکرکلمے توحید کی بنیاد پرشاعر مشرق ڈاکٹرعلامہ محمداقبال کے خواب اوربانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی کاوشوں سےایک علیحدہ وطن حاصل کیا۔
ہم پاکستانی ایک محنتی قوم ہیں جو گزشتہ 75 سالوں سے تعمیروترقی کےلئے ہمہ تن مصروف ہیں ۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا منشور تھا کہ ہم ایک قوم ہوکر اس ملک کےلئے اپنا دن رات صرف کردیں اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہو لیکن بد قسمتی سےآج ہم لسانیت اور تعصب پسندی میں جکڑ ے ہوئے ہیںضرورت اس امر کی ہے کہ ہم متحد ہوکراپنے ملک وقوم کی خدمت کریں۔
انہوں نےطلبا و طالبات کومخاطب کرتےہوئےکہا کہ قائد اعظم کا فرمان تھا میرے نوجوان مستقبل کے معمار ہیں آپ ہی اس ملک کا روشن مستقبل ہیں اگر آپ اپنی محنت، لگن اور جستجو سے اس ملک و قوم کی خدمت کریں گے تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان پوری دنیا میں ترقی کی دوڑ میں سر فہرست ہوگا ۔
اس موقع پر اکیڈمی مینجر رضا علی سعید کا کہنا تھاکہ 75سال قبل ہمیں ایک ملک کی ضرورت تھی اور آج پاکستان کو ایک قوم کی ضرورت ہے
تقریب میں طلبا و طالبات نے ملی نغمے اور ولولہ انگیز تقریر یں پیش کیں۔تقریب کے اختتام پراسٹاف ممبران نے جشن ِ آزادی کا کیک کاٹا۔
لاہور: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفانےبھارتی فیڈریشن کی رکنیت معطل کردی۔
غیر میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی فٹبال فیڈریشن میں غیر ضروری اور بیرونی مداخلت کے باعث فیفا نے رکنیت کو معطل کیا جس کے بعد بھارت انڈر 17 فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی سے محروم ہوگیا۔
فیفا حکام کا کہنا ہے کہ فٹبال فیڈریشن کی منتخب باڈی کے سپرد کیے جانے تک بھارت کی رکنیت معطل رہے گی۔
واضح رہے کہ پابندی کی وجہ سے بھارت اکتوبر میں انڈر 17 ورلڈ کپ کی میزبانی نہیں کرسکے گا۔
فیفا کی عالمی رینکنگ میں بھارتی ٹیم 104 نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کا 196 واں نمبر ہے۔