پیر, 25 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمزٹی وی(ملتان)معروف سوشل میڈیا سٹار کو ملتان میں اپنے آبائی گھر میں قتل کر دیا گیا ۔ قندیل بلوچ کے مالک مکان کا کہنا ہے کہ اس کو بھائی نے گلہ دبا کر قتل کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ملزم قتل کرنے کے بعد فرار ہو گیا ۔ اس سے کچھ روز پہلے ماڈل قندیل بلوچ کی تین شادیاں منظر عام پر آئی تھیں ۔ پولیس کے مطابق قندیل بلوچ کا بھائی ان کی تصاویر اور ویڈیوز کی وجہ سے ناراض تھا ۔ میڈیا پر ماڈل کا ایک نکاح نامہ سامنے آیا جس کے مطابق اس کی شادی کوٹ ادو کے علاقے شیخ عمر موضع لدھا لنگر کے رہائشی عاشق حسین سے 2008ء میں ہوئی۔ دونوں کا آٹھ سال کا بچہ بھی ہے۔ یہ شادی صرٖف ڈیڑھ سال چل سکی اور ماڈل نے خلع لے کر ملتان اور ڈی جی خان کے دارالامان میں پناہ لے لی ۔ تاہم اس شادی کے بعد ماڈل کی دو اور شادیاں بھی منظر عام پر آئیں ۔ قندیل بلوچ گذشتہ کافی عرصے سے میڈیا کی خبروں میں اِن تھیں. اس سے قبل قندیل بلوچ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو بھی شادی کی پیشکش کی تھی۔ واضح رہے کہ کچھ روز پہلے ماڈل قندیل بلوچ نے وزارت داخلہ کو سیکیورٹی کے لیے درخواست لکھی تھی۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ قندیل بلوچ نے جن وجوہات پر سیکیورٹی مانگی وہ زیادہ اہم نہیں ہیں۔ وزارت داخلہ قندیل بلوچ اپنی سیکیورٹی کے لیے متعلقہ تھانے سے رجوع کریں۔ واضح رہے کہ قندیل بلوچ نے وزارت داخلہ کے نام لکھے گئے ایک خط میں سیکیورٹی تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ قندیل بلوچ نے مطالبہ کیا تھا کہ ان کی شناختی دستاویزات سوشل میڈیا کے ذریعے عام کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔ قندیل کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی خطرے میں ہے۔ انھیں دھمکی آمیز فون کالز آ رہی ہیں۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر 19 جولائی کو یوم سیاہ منانے اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔تعصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف كی زیرصدارت وفاقی كابینہ كا اجلاس گورنر ہاؤس لاہور میں ہوا جس میں مقبوضہ كشمیركی صورتحال كا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے كہا كہ بھارت كشمیریوں پروحشیانہ مظالم ڈھارہا ہے، میں اور پوری پاكستانی قوم كشمیریوں كے ساتھ كھڑی ہے، كشمیری اپنی آزادی كی جنگ لڑ رہے ہیں اور بھارتی جارحیت كشمیریوں كے عزم كو اور زیادہ مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت كی طرف سے كشمیریوں كی تحریك آزادی كو دہشت گردی قرار دینا افسوسناك ہے اور اس كا پراپیگنڈہ كشمیریوں كی تحریك كو كمزور نہیں كرسكتا اور نہ ہی عالمی برادری كو گمراہ كرسكتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ كشمیر میں 7 لاكھ بھارتی فوجی كشمیریوں كی جدوجہد كو دبانے میں ناكام رہے ہیں، بھارتی افواج كی جانب سے بے گناہ كشمیریوں كا قتل خطے كے امن كے لیے خطرہ ہے۔ اجلاس كے بعد جاری اعلامیہ میں كہا گیا ہے كہ پاكستان كشمیریوں كے حق خودارادیت كی جدوجہد كی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری ركھے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب كرتے ہوئے كہا كہ اقوام متحدہ كو كشمیر كے بارے میں اپنے نامكمل ایجنڈا كو پورا كرنا چاہیے اور كشمیریوں كو حق خودارادیت دینے كو یقینی بنانا چاہیے۔

ایمزٹی وی(تعلیم )کامسیٹس انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بورڈ آف گورنرز نے ہارون رشید کے پی ایچ ڈی مقالے میں نقالی ثابت ہونے پر انہیں نوکری سے برخاست کرنے کا فیصلہ کر لیا. قبل ازیں ہارون رشید کو خود حاضر ہو کر اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کا دفاع کرنے کے لئے کہا گیا تھا مگر وہ حاضر ہوئے نہ ہی انہو ں نے بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کا جواب دیا۔ جس کی بناء پر بورڈ آف گورنرز نے اپنے اگلے ہنگامی اجلاس میں متعلقہ قوانین کے مطابق انہیں فی الفور نوکری سے برخاست کرنے کا فیصلہ کر دیا۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد)کشمیری رہنماوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ مودی سے دوستی بڑھانے کی بجائے مسئلہ کشمیر پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائیں۔ تفصیلات کےمطا بق مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی کشمیری قیادت اور رہنماوں نے اپنی آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں مسلسل مظالم کر رہی ہے۔ کشمیری نوجوانوں کو چن چن کر قتل کیا جارہا ہے ، گذشتہ چار روز میں چالیس سے زائد نوجوان بھارتی فوجیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے ہیں۔ کشمیری رہنماوں کا کہناتھا بھارتی حکومت عالمی فورم پر اپنے جھوٹ کو سچ قرار دینے میں کامیاب ہورہی ہے مگر پاکستان مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اجاگر نہیں کررہا۔ کشمیری رہنماوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر اسے عالمی فورم پراٹھایا جائے

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاک فوج کوغیر آئینی اقدام پر اکسانے کے خلاف سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے سابق صدر افضل بٹ نے وکیل اکرام چوہدری کے توسط سے پاک فوج کو غیرآئینی اقدام پراکسانے کے خلاف آئینی درخواست دائرکرادی۔ درخواست میں سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف سے متعلق اسلام آباد میں بینرز لگانے والی تنظیم موو آن کے سربراہ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، ٹی وی اینکر ڈاکٹر دانش اور حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزارنے موقف اختیارکیا ہے کہ فوج نے اقتدار میں نہ آنے کا حلف اٹھا رکھا ہے، پاک فوج کے سربراہ کو حکومت کا تختہ الٹنے پر اکسانا آئین سے غداری کے مترادف ہے جب کہ فوج کوغیرآئینی اقدام پراکسانے والے محب وطن نہیں ہیں۔ درخواست گزار نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت فریقین کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا حکم دے۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکومت سے مردم شماری کے لئے ٹائم فریم طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے مردم شماری میں تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے مردم شماری میں تاخیر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ حکومت کی جانب سے عدالت کو جمع کرائی گئی رپورٹس میں کوئی دلچسپی نہیں، حکومت مردم شماری میں دلچسپی رکھتی ہے یا نہیں اس حوالے سے تحریری جواب دیا جائے، حکومت نے آئینی کتابوں کو الماری میں سجا رکھا ہے اور آئینی مینڈیٹ کی خلاف ورزی پہلی مرتبہ نہیں کی گئی۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ انٹرنیشنل کنونش کے تحت دس سال میں ایک مرتبہ مردم شماری ضروری ہے لیکن مردم شماری کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری لینا بھی ضروری ہے تاہم آئین میں مردم شماری لازم ہے مگر ٹائم فریم نہیں دیا گیا۔ اس موقع پر جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ کیا مردم شماری حکومت کی مرضی سے ہوگی جب کہ حکومت کے موقف سے نظر آرہا ہے کہ آئندہ 200 سال میں بھی مردم شماری ضروری نہیں۔ جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ کیا مردم شماری کے لئے فوج کی ضرورت آئینی ہے جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 سال سے ہر سال مردم شماری کے لئے بجٹ مختص کیا جاتا ہے جس کے بعد عدالت نے مردم شماری کے لئے حکومت سے ٹائم فریم طلب کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتے کے لئے ملتوی کردی۔

ایمزٹی وی(تعلیم)سعودی عرب میں پاکستان کے ڈاکٹر محمد اقبال انجم کوانگریزی زبان پڑھانے کی خدمات کے اعتراف میں دنیا کی سب سے بڑی کیمیکل انڈسٹری صدارۃ کی طرف سے شیلڈ دی گئی، انہیں یہ شیلڈ نیشنل انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں سعودی ٹرینیز کو اسپیکنگ، ریڈنگ،رائٹنگ اور لسننگ سکھانے پر دی گئی،سعودی نوجوانوں کو انگریزی سکھانے کیلئے امریکہ، کینیڈا،برطانیہ سمیت دنیا بھر سے 74 اساتذہ کو منتخب کیا گیا ان میں سے صرف 6 کو شیلڈ زدی گئیں جن میں ڈاکٹراقبال انجم بھی شامل تھے ۔ ریاض کی ایک اور کمپنی انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئجز نے بھی ڈاکٹراقبا ل انجم کو تعریفی سر ٹیفکیٹ دیا، اس کے علاوہ انہیں سعودی نوجوانوں کو تربیت دینے کی خدمات کے اعتراف میں 5ہزار کینیڈین ڈالر بھی دئیے گئے ۔اس موقع پر ڈاکٹر اقبال انجم نے سعودی کمپنیوں اور اداروں کا شکریہ ادا کیا ۔ڈاکٹرمحمداقبال انجم پاکستانی نژاد کینیڈین شہری ہیں جنہوں نے دو دہائی سے زیادہ عرصہ جی سی یونیورسٹی میں خدمات انجام دیں۔

ایمزٹی وی(آزادکشمیر)وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے جرات مندانہ موقف اختیار کرنے پر خراج تحسین پیش کیااورکہاکہ پاک افواج اہل کشمیر کی عزت وناموس کی محافظ ہیں ۔ اہل کشمیر پاک افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور ہرقسم کی قربانی کاعزم رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیرکے حوالے سے جرات مندانہ موقف اپنائے اور کشمیرایشو کوفوکس کرے ۔ سرکاری ٹی وی ن لیگ کی تشہیری مہم کے بجائے کشمیریوں کے لہوکو اجاگر کرے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کشمیرایشوکے حوالے سے جوجرات مندانہ اورحقیقت پسندانہ موقف اختیار کیاہے اس نے بھارتی اقتدار کے ایوانوں کو ہلاکررکھ دیاہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کے خطاب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد کونیاجوش وولولہ ملا۔ وزیراعظم نے کہاکہ کشمیری شہداء کا لہورائیگاں نہیں جاسکتا ہم کشمیری شہداء کے وارث ہیں۔ ہربین الاقوامی فورم پرکشمیرایشوکواجاگرکرتے رہیں گے ۔ بھارت ریاستی دہشتگردی کے ذریعے تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا ، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی منظم نسل کشی پر بھارتی حکمرانوں کے خلاف آج یوم سیاہ منایا جائے گا ، آزادکشمیر سمیت دنیابھرمیں آباد کشمیری عوام بھارت کے خلاف احتجاجی جلسے جلوس منعقد کریں گے اور اقوام عالم کی توجہ مقبوضہ کشمیرکی طرف دلوائیں گے چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پیپلزپارٹی آزادخطہ کے عوا م کی ترقی وخوشحالی کیلئے کوشاں ہے ، ماضی کے حکمرانوں نے عوام کا استحصال کیا۔ عوام کوبرادریوں اور قبیلوں میں الجھاکرپسماندہ رکھا۔ وزیراعظم نے کہاکہ اب روپ بدل کرماضی کے حکمران عوام کودھوکہ دے رہے ہیں آزاد کشمیر میں سیاسی سوداگروں کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا اسلام گڑھ میں 19 جولائی کومرکزی جلسہ ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ریاستی تشخص پامال کرنے والوں کاراستہ روکیں گے ۔

ایمزٹی وی(راولپنڈی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے 12 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی جب کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی سے ہے اور وہ مسلح افواج پر حملوں سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سزا پانے والے دہشت گردوں میں قیوم باچا، محمد آصف، محمد طیب، سید اکبر، شہادت، یاسین، عزیزالرحمان ،حسین ڈار، اسحاق ، بہرام شیخ، محمد ایاز اور برکت علی شامل ہیں۔ دہشت گرد قیوم ولد سعید، طیب ولد امیر زادہ اور سید اکبر کالعدم تحریک طالبان کے سرگرم رکن تھے جو مسلح افواج پر حملوں سمیت دہشت گردی کی سنگین کارروائیوں میں ملوث تھے۔ سزائے موت پانے والے دہشت گرد محمد آصف، شہادت اور یاسین کا تعلق کالعدم لشکرجھنگوی سے ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملوں، ان کے قتل میں ملوث تھے جب کہ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا تھا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام دہشت گردوں نے دوران ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔

ایمزٹی وی(آزادکشمیر)راولا کوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا دوست مودی کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور ریاستی دہشت گردی پر مودی کو میاں صاحب کی خاموش حمایت حاصل ہے لیکن عوام (ن) لیگ کا جھرلو آزاد کشمیر میں نہیں چلنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے مہنگے منصوبے عوام کی فلاح کے لیے نہیں بلکہ اتفاق فاؤنڈری کی ترقی کے لیے ہیں جب کہ نوازشریف لیڈرنہیں بزنس مین ہیں وہ صرف اپنا مفاد دیکھتے ہیں، نواز شریف نے 3 سال میں آف شور کے علاوہ کوئی یونیورسٹی نہیں بنائی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غیرآئینی بجٹ کی کوئی اہمیت نہیں کیوں کہ اس میں صوبوں کو نظرانداز کیا گیا جب کہ عوام مسائل میں گھرے ہوئے ہیں اور وزیرخزانہ دال کی جگہ مرغی کھانے کا کہتے ہیں، روٹی کی جگہ کیک کے مشورے پرانقلاب فرانس ہوا اب ایسے ہی تخت لاہور کے خلاف بھی انقلاب آسکتا ہے کیوں کہ میاں صاحب کا جانا ٹھہر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دربدر پھرنے والے رہنماؤں کی ضرورت نہیں بلکہ مشکل حالات میں کھڑے ہونے والی قیادت کی ضرورت ہے جب کہ شفافیت پر یقین رکھتا ہوں اس لیے کرپشن نہیں کرنے دوں گا، خراب حالات کے باوجود سندھ حکومت کی کارکردگی پنجاب سے بہتر ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کشمیر میں رائے شماری کا وعدہ پورا کرے۔