Reporter SS
ایمزٹی وی(تعلیم) پاک چائنا فرینڈ شپ سنٹر میں دو روزہ ' تعلیمی ایکسپو 2016' کاآغاز ہوگیا ہے۔ نمائش کےابتدائی روز پنجاب گروپ آف کالجز، ریسورس اکیڈیمیا، الائیڈ اسکولز اور ای ایف اے اسکول سسٹم کااسٹال طلبا و طالبات ، بچوں اور ان کے والدین کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ تفصیلات کے مطابق پہلے روز 400سے زائد طلبا و طالبات نے پنجاب گروپ آف کالجز میں داخلوں، گریجویٹ پروگرامز میں اسکالر شپس، سول انجینئرنگ پروگرامز اور شام کی کلاسز کے حوالے سے معلومات اور آگاہی حاصل کی۔ علاوہ ازیں اسٹال پر الائیڈ اسکولز، ریسو رس اکیڈ یمیا ، ای ایف اے سکول سسٹم کے داخلوں اور فیسوں کے حوالے سے بچوں اور والدین نے معلومات حاصل کیں۔ اسٹال پر موجودپنجاب گروپ آف کالجز کے نمائندوں خرم پر ویز، قدسیہ اور ربیعہ کا کہنا تھا طلبا و طالبات نے سٹال پر گریجویٹ سکالرشپس کے اجرا سمیت دیگر پروگرامز کی آگاہی حاصل کی۔
ایمزٹی وی (تعلیم)صوبائی دارالحکومت سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تعلیمی سال شروع ہوئے ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر گیا ہے لیکن طلباء کو مفت کتب نہیں مل سکیں۔ کتابیں نہ ملنے اور چھٹیوں کے قریب آ جانے کے باعث ان بچوں کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے۔ جن اسکولوں کے طلباء کو کتابیں ملی بھی ہیں، انہیں غلط چھپائی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بیشر کتابوں کے ٹائٹل الٹے چھاپ دیئے گئے ہیں۔ وزیر تعلیم کے مطابق صوبے کے پچیس اضلاع میں آٹھویں، نوویں اور دسویں جماعت کے دس فیصد بچوں کو کتب نہیں مل سکی ہیں لیکن وہ اس کا سبب کتب کی چھپائی کے اوپن ٹینڈر کو قرار دے رہے ہیں اور اپنی غلطی تسلیم کرنے پر آمادہ نہیں۔ اسکولوں میں نصابی کتب کی عدم فراہمی اور صوبائی حکومت کے نوٹس لینے کےباوجود طلباء کو کتب کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جا سکی۔
ایمزٹی وی (کراچی)خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیدیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ سابق صدر کو ایک ماہ کے اندر گرفتار کر کے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔
جسٹس مظہر عالم کی سربراہی میں خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔ خصوصی عدالت نے حکم دیا کہ اردو اور انگریزی اخبارات میں اشتہارات دیئے جائیں کہ ملزم مفرور ہیں۔ عدالت نے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ وہ ملزم کو گرفتار کرنے کیلئے فوری اقداما ت کرے۔ خصوصی عدالت میں سیکریٹری داخلہ بھی پیش ہوئے۔
ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ وہ پرویز مشرف کے گھر گئے لیکن ملزم وہاں موجود نہیں تھا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایف آئی اے ایک ماہ کے اندر اندر ملزم کو گرفتار کر کے عدالت کے سامنے پیش کرے۔ جسٹس مظہر عالم کا کہنا تھا کہ وکلا صفائی کو اب عدالت میں موجود نہیں ہونا چایئے
ایمزٹی وی(اسلام آباد) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ علی حیدر گیلانی کو بازیاب کرانے کے لئے افغان نیشنل آرمی اور نیٹو فورسز کے کامیاب آپریشن پر شکر گزار ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں علی حیدر گیلانی کے پاکستان پہنچنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ افغان نیشنل آرمی اور نیٹو فورسز کے کامیاب آپریشن پر شکر گزار ہیں، امید ہے دونوں ممالک اور نیٹو مل کر خطے سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے، دہشت گردوں کو حکومتوں کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق علی حیدر گیلانی کو افغان وزارت دفاع میں پاکستانی سفیر کے حوالے کیا گیا جہاں سے انھیں وزارت دفاع کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کابل ایئرپورٹ پہنچایا گیا۔ پاکستانی سفیر نے علی حیدر گیلانی کی پاکستان روانگی سے آگاہ کیا۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو 9 مئی 2013 کو ملتان سے اغو کیا گیا تھا جنھیں گزشتہ روز افغان نیشنل آرمی اور نیٹو فورسز نے مشترکہ آپریشن کر کے بازیاب کرایا۔
ایمزٹی وی (تعلیم)شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز سکرنڈ کے سینیٹ کا پہلا اجلاس منعقد کی اگیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ جامعات کا قیام اور ان کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور خصوصاً مختلف شعبوں کیلئے مخصوص جامعات کے قیام سے ان شعبوں کے فروغ میں نمایاں مدد ملے گی جن میں ویٹرنری اور قانون کے شعبوں کی جامعات کا قیام شامل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ اعلیٰ تعلیم کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بنیادی حیثیت کی حامل ہوتی ہے کیونکہ مختلف شعبوں کے ماہرین نہ صرف ان شعبوں کی ترقی کے لئے کام کرتے ہیں بلکہ ان کے باعث ملک کے سماجی و معاشی شعبوں کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ، سماجی ، ماحولیاتی اور سیکیورٹی حوالوں سے مسائل کے حل میں جامعات سے فارغ التحصیل پروفیشنلز اور ماہرین نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دور درازعلاقہ میں واقع ہونے کے باعث یونیورسٹی کو اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی کے حصول ، فنڈز کی فراہمی اور سیکیورٹی کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے ، جن کے حل کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر گورنر سندھ کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم سید وجاہت علی اور وائس چانسلر ڈاکٹر کے بی میر بحر بھی موجود تھے۔
ایمزٹی وی (تعلیم)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین محمد اختر غوری نے انٹرمیڈیٹ کے جاری سالانہ امتحانات 2016ء کے شفاف انعقاد کیلئے مزید اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین بورڈ کی طرف سے تمام سینٹر سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ طلباء میں پرچوں کی تقسیم کے دوران تمام تدریسی اور غیر تدریسی عملے سے موبائل فون لے کر اپنے پاس رکھ لیں، محمد اختر غوری نے کہا کہ یہ اقدام پرچہ شروع ہونے سے قبل اور پرچے کی تقسیم کے دوران موبائل فون کے ذریعے پرچے کی تصاویر لینے اور امتحانی مرکز سے باہر بھیجنے کے خدشے کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ طالب علموں پر پرچے کے دوران موبائل فون رکھنے کی پابندی پہلے ہی عائد ہے جس پر تمام امتحانی مراکز میں سختی سے عمل کروایا جارہا ہے ۔ دریں اثناء اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی اعلیٰ اختیاراتی ویجی لینس ٹیم نے چیئرمین بورڈ کی سربراہی میں گزشتہ روز بھی امتحانی مراکز کے اچانک دورے کیے ۔ اعلیٰ اختیاراتی ٹیم میں چیئرمین کے علاوہ عمران چشتی، قائم مقام ناظم امتحانات زرینہ راشد، قائم مقام سیکریٹری محمد عظیم احمدشامل تھے ۔ اعلیٰ اختیاراتی ٹیم کے امتحانی مراکز کے اچانک معائنوں کے دوران طالب علموں سے نقل کا مواد تو برآمد ہوا لیکن کوئی نقل کرتا ہوا نہیں پکڑا گیا
ایمزٹی وی(تعلیم)چیئرمین فیڈرل بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک اور کنٹرولر امتحانات طارق محمود چوہدری نے گزشتہ روز انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحا نات کیلئے قائم کئے گئے امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے الودود انسٹیٹیوٹ آف پروفیشنل اسٹڈیز، مین مری روڈ، بھارہ کہو، اسلام آباد اور پنجاب کالج بھارہ کہو ، مین مری روڈ، 17 میل کے مراکز کا معا ئنہ کیا۔ اور تمام امور کو تسلی بخش قرار دیا۔
ایمزٹی وی (تعلیم)فاصلاتی نظام تعلیم اور آن لائن سسٹم پر پہلی عالمی کانفرنس جمعہ 13مئی کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقد ہوگی۔ کانفرنس کا مقصد فاصلاتی نظام تعلیم پر مشترکہ قومی پالیسی مرتب کرنا ہے ۔ کانفرنس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے فاصلاتی نظام تعلیم کے 15اداروں کے سربراہ شرکت کریں گے۔
ایمزٹی وی(تعلیم)تھائی لینڈ میں جدید ٹیکنالوجی سے نقل کرنے والے طالبعلموں کو یونیورسٹی سے نکال دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بینکاک کی رنگسٹ یونیورسٹی میں سمارٹ واچز اور کیمرے کی مدد سے جدید چیٹنگ اسکینڈل سامنے آیا ہے ۔ طالبعلموں نے میڈیکل کے ایک ٹیسٹ کےد وران اپنے چشموں میں لگے چھوٹے کیمروں سے ہال کے باہر موجود ایک ٹیم کو امتحانی پرچوں کی فلم بنا کر بھیجی ، جواباً ٹیم نے سوالوں کے جواب سمارٹ واچز پر بھیجے ۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق چیٹنگ اسکینڈل میں ملوث طالبعلموں کو یونیورسٹی سے نکال دیا گیا ہے اور تقریباً 3,000 طالب علموں کو امتحان دوبارہ دینے کا حکم دیا گیا ہے ۔