Reporter SS
ایمزٹی وی (تعلیم)فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں 15ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں بطور مہمان خصوصی گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ قابل فخر تعلیمی ادارے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، خواتین معاشرے میں باوقار مقام حاصل کرکے قومی ترقی کے عمل میں بھرپور کردار ادا کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان بچوں اور بچیوں کو بھی آگے بڑھنے کا موقع فراہم کریں جو غربت و افلاس کے باعث معیاری تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں۔ اس موقع پر۔چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار ، وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز و دیگر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، سفارت کاروں کے علاوہ فیکلٹی ممبران ، طلبا و طالبات اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد)عمران خان عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں ۔ عمران خان پہلے مدینہ منورہ میں روزہ رسولؐ پر حاضری دیں گےجبکہ عمرہ کر کے اتوار کو وطن واپسی آئیں گے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو سعودی عرب میں سرکاری پروٹوکول ملے گا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف نے ایبٹ آباد میں غیرت کے نام پر لڑکی کے قتل کا نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے ایبٹ آباد میں ہونے والے دلخراش واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جب کہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ واقعہ میں قتل میں ملوث عناصر کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور ظالمانہ جرم کے مرتکب ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کے واقعات نہ صرف غیر اسلامی ہیں بلکہ غیر انسانی بھی ہیں جب کہ غیرت کے نام پر ایسا فعل صرف قتل قرار دیا جاسکتا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ واضح رہے کہ ایبٹ آباد کے گاؤں مکول سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ عنبرین نامی لڑکی کو جعلی مقامی جرگے نے اپنی سہیلی صائمہ کے مبینہ فرار میں مدد دینے کے الزام میں ہلاک کرنے کا حکم دیا تھا ۔ علاقے کے کونسل ناظم پرویز اور 15 افراد پر مشتمل جرگہ نے لڑکی کو پہلے دوپٹہ گلے میں ڈال کر پھندا لگایا اور بعد میں فرار میں ملوث سہولت کار مبینہ مفرور صدیق کی گاڑی میں لاش کو سیٹ کے ساتھ باندھ کر آگ لگا دی تھی۔
ایمز ٹی وی (کو ئٹہ )کوئٹہ میں ایف آئی اے نے حراست میں لیے جانے والے نادرا افسران سے کئی راز اگلوا لیے ۔ آفسران نے قلعہ عبداللہ میں 90 ہزار غیر ملکیوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کا بھی انکشاف کیا ۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کوئٹہ کے ڈبل روڈ پر واقع نادرا کے دفتر 4 مئی کو چھاپہ مارا جہاں سے چار افسران سمیت 9 افراد کو حراست میں لے لیا ۔ گرفتار ہونے والوں میں نادرا آفس کے 2 ڈی ای او خالد اور ظہیر ، تین سیکورٹی اہلکار ، 2 خواتین ڈی ای او اور نادرا کے 2 ملازمین شامل ہیں جنہوں نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ کوئٹہ اور قلعہ عبداللہ سے 90 ہزار غیر ملکیوں کو شناختی کارڈز جاری کئے ۔ ایک شناختی کارڈ پر 40 ہزار سے 2 لاکھ روپے تک رشوت وصول کی جاتی تھی ۔ شناختی کارڈ کے اجراء میں اعلیٰ افسران اور بااثر شخصیات کے بھی ملوث ہونے کے بھی ثبوت فراہم کئے ہیں ۔ یہ جعلی شناختی کارڈ مقامی لوگوں کے خاندان میں شامل کئے گئے ہیں ۔ ملزمان سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے
ایمزٹی وی (کو ئٹہ )پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں چار بچیوں کی لاشوں کو پانی کی ایک ٹینکی سے نکالا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والی چاروں بچیاں بہنیں تھیں جبکہ ان کی والدہ کو بے ہوشی کی حالت میں ٹینکی سے نکالا گیا۔ ایئر پورٹ روڈ پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ چاروں بچیوں کی ہلاکت کا واقعہ اسمنگلی روڈ پر کلی خیزی کے علاقے میں پیش آیا۔ اہلکار کا کہنا تھا کہ چاروں لاشوں کو ان کے گھر کے اندر موجود پانی کی ٹینکی سے نکالا گیا جبکہ بچیوں کی والدہ بھی ٹینکی میں پڑی تھی جسے بے ہوشی کی حالت میں نکالا گیا۔ بچیوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور ان کی والدہ کو طبی امداد کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ بچیوں کے والد محمد خان نے بتایا کہ بچیوں کی عمر دو سال سےسات سال کے درمیان تھی۔ ہلاک ہونے والی بچیوں میں سے دو اسکول کی یونیفارم میں تھیں غالباً ان کی ہلاکت کا واقعہ ان کی اسکول سے واپسی کے بعد پیش آیا۔
ایمز ٹی وی (تعلیم) عالمی ساکھ کے لحاظ سے دنیا کی 100 بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست جاری کر دی گئی ہیں، امریکا کی یونیورسٹیاں ٹاپ تھری پر ہیں ، برطانوی کیمبرج اور اوکسفورڈ یونیورسٹی کی دو درجے تنزلی ، فہرست میں پاکستان اور بھارت کی کوئی یونیورسٹی شامل نہیں ۔
ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے عالمی ساکھ کے لحاظ سے دنیا کی 100 بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست جاری کی ہے جس میں پہلی تین پوزیشنز پر امریکی یونیورسٹیاں ہارورڈ یونیورسٹی ، میساچوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ، سٹینفورڈ یونیورسٹی براجمان ہیں۔
برطانیہ کی کیمبرج اور اوکسفورڈ دو درجے کی تنزلی کے بعد بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔گذشہ سال کے مقابلے میں 100 بہترین یونیورسٹیوں میں ایشیائی یونیورسٹیوں کی تعداد 10 سے بڑھ کر 17 ہو گئی ہے ۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ برطانیہ رینکنک میں تنزلی کا شکار ہے جبکہ اس کی دو یونیورسٹیز رینکنگ سے خارج بھی ہوئی ہے ۔ تاہم دنیا کی 100 بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں پاکستان اور بھارت کی کوئی یونیورسٹی شامل نہیں ہے ۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزارت مذہبی امور میں سرکاری اسکیم کے تحت سال2016کے حج کیلئے قرعہ اندازی ہوئی۔ دو لاکھ اسی ہزار چھ سو سترہ درخواست دہندگان میں سے 71ہزار 686 خوش نصیب فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے منتخب ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قرعہ اندازی کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر سردار یوسف کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی قرارداد کی وجہ سے سرکاری کوٹہ ساٹھ فیصد کیا تھا جس کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد دوبارہ پچاس فیصد کردیا ہے۔
وفاقی وزیر سردار یوسف کا کہنا تھا کہ پانچ سال کے دوران حج کرنے والوں اور محرم کے بغیر خواتین کی درخواستیں مسترد کی جائینگی تاہم قریبی عزیزوں کے گروپ سے رہ جانے والے افراد پندرہ دن کے اندر اپنی درخواستیں وزارت مذہبی امور کو دے سکتے ہیں۔
حج قرعہ اندازی کے نتائج وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر جاری کیے جائیں گے۔ درخواست گزاروں کو ایس ایم ایس کے ذریعے بھی قرعہ اندازی کے نتائج سے آگاہ کیا جائے گا۔
ایمزٹی وی (اسلام اباد)عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے خط پر چیف جسٹس نے کمیشن بنایا تو قبول نہیں کریں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے انیس سو چھپن کے ایکٹ کے تحت کمیشن منظور نہیں۔ میاں صاحب کی مشکل بڑھتی جائے گی، بہتر ہو گا سچ بول دیں۔
ایمزٹی وی (تعلیم) اے سی سی اے اور یونیورسٹی آف لندن نے ماسٹرز پروگرام کیلئے اشتراک کر لیا ہے جس کے مطابق اے سی سی اے کے ممبران کو دنیا بھرمیں ماسٹرز پروگرام دستیاب ہوگا جبکہ طلبہ اکائونٹنسی کی تعلیم اور ماسٹرز کی ڈگری بیک وقت حاصل کر سکیں گے ۔ اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا ، جس میں یونیورسٹی آف لندن انٹرنیشنل پروگرامز کی پرو وائس چانسلراور چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر میری اسٹیانسے ،ڈائریکٹر لرننگ میری بشپ،اے سی سی اے کے ریجنل ڈائریکٹر میناسا اسٹارٹ ڈنلوپ سمیت سعد وسیم،سجید اسلم ،ریحان الدین کے علاوہ نامور تعلیم دان فیصل مشتاق، خدیجہ مشتاق، ولید مشتاق، ڈاکٹر نیلم حسین ، اے سی سی اے کے طلبہ و دیگر نے شرکت کی۔
ایمزٹی وی (تعلیم)ایچ ای سی اور ایس ای سی پی نے گزشتہ روز جامعات کے طلباء میں معاشی خواندگی کے فروغ، سرمایہ کاری سے متعلق شعورکی بیداری، اورانٹرپرینیورشپ کی حوصلہ افزائی کے لئے باہمی شراکت داری کے مقصد کے تحت مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ چیئر مین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمداور چیئر مین ایس ای سی پی ظفرالحق حجازی نے ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں منعقد ہ ایک تقریب کے دوران مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ۔ اس موقع پر ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشد علی اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے ۔