Reporter SS
بنگلادیشی طلبہ نےایک بار پھر حکومت کے خلاف ملک گیر مظاہروں کا اعلان کردیا۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق طلبہ تنظیموں نےکل سے غیر معینہ مدت کےلیے عدم تعاون تحریک کی کال دی ہے اور طلبہ کوٹا مخالف مظاہروں میں ہلاک افراد کے لیے انصاف کا مطالبہ کررہے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ڈھاکا میں گزشتہ روز ہونے والے احتجاج کے دوران 2 افراد ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہوئے جب کہ گزشتہ ماہ سےجاری مظاہروں میں کل 200 سے زائد افرادہلاک ہوئے تھے۔
دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یو این چلڈرن ایجنسی کے مطابق گزشتہ ماہ ہونے والے مظاہروں میں کم از کم 32 بچے ہلاک ہوئے جن میں سب سے کم عمر بچہ 5 سال کا تھا۔
یاد رہے کہ بنگلادیش میں 1971 کی جنگ لڑنے والوں کے بچوں کو سرکاری نوکریوں میں 30 فیصد کوٹہ دیے جانے کے خلاف گزشتہ ماہ کئی روز تک مظاہرے ہوئے تھے جس کے بعد سپریم کورٹ نے کوٹہ سسٹم کو ختم کردیا تھا مگر طلبہ اپنے ساتھیوں کو انصاف ملنے تک احتجاج جاری رکھنے کی کال دے چکے ہیں۔
اسلام آباد: اسلام آباد میں طالبات اور خواتین اساتذہ کیلئے مخصوص پنک بسیں مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی
دیہی علاقوں کو شہری مراکز سے جوڑ کر ان کے مابین سفر کو آسان اور محفوظ بنایا جائیگا، بسیں طالبات اور خواتین اساتذہ کیلئے مفت، محفوظ اور آسان نقل و حمل کیلئے وقف کی گئی ہیں، اس حوالے سے وفاقی سیکرٹری تعلیم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے تمام بڑے روٹس پر یہ بسیں چلیں گی جن کا مقصد دیہی علاقوں کو شہری مراکز بشمول تعلیمی اداروں سے جوڑنا ہے۔ بسیں مرحلہ وار متعارف کرائی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ بہترین اور بلاتعطل سروس کو یقینی بنانے کیلئے مربوط نگرانی پر عملدرآمد ہوگا
بس سروس کا اغاز وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر 7اگست سےہوگا۔
لاہور بورڈ نے گیارہویں جماعت میں داخلوں کی رجسٹریشن کا شیڈول جاری کردیا۔
امیدوار 20 ستمبر تک آن لائن رجسٹریشن کراسکیں گے ،مذکورہ امیدوار 2025 میں گیارہویں ،2026 میں انٹرمیڈیٹ پارٹ 2کا امتحان دیں گے ۔
امیدوار بیس ستمبر کے بعد چھ سو روپے لیٹ فیس جرمانہ کے ساتھ 10 اکتوبر تک داخلہ بھجواسکیں گے ۔
میٹا نے انسٹا گرام میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایک نیا فیچر متعارف کرادیا ہے۔
اس فیچر سے آپ انسٹا گرام میں اپنی شخصیت کا اے آئی ورژن بہت آسانی سے تیار کرسکیں گے۔
اے آئی اسٹوڈیو نامی یہ فیچر سب سے پہلے امریکا میں متعارف کرایا گیا ہے۔
اے آئی اسٹوڈیو سے صارفین اپنی شخصیت یا کسی بھی قسم کے کردار کا اے آئی ورژن تیار کرسکیں گے۔
اسے 2 طریقوں سے استعمال کرنا ممکن ہے۔
اس کے لیے آپ ai.meta.com/ai-studio نامی ویب سائٹ پر جا سکتے ہیں یا اپنے فون پر انسٹا گرام ایپ میں اسے استعمال کرسکتے ہیں۔
انسٹا گرام ایپ میں آپ کو میسجنگ میں نئی چیٹ شروع کرکے وہاں موجود Create an AI chat آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔
ایسا کرنے کے بعد آپ کو مختلف آپشنز جیسے پرسنلٹی، ٹون، اواتار اور دیگر نظر آئیں گے تاکہ آپ اپنا اے آئی ورژن تیار کرسکیں۔
میٹا کی جانب سے مختلف معروف شخصیات کے اے آئی ورژن بھی تیار کیے گئے ہیں تاکہ صارفین کو معلوم ہوسکے کہ یہ ٹول کس طرح کام کرتا ہے۔
میٹا کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ امریکا کے بعد دیگر ممالک میں اس فیچر کو کب تک متعارف کرایا جائے گا۔
لاہور: تعلیم پراجیکٹ کے تحت چلنے والے آفٹر نون اسکولوں کےاساتذہ کی یکم اگست سے ٹریننگ کا آغازکیا جائےگا۔
قائد اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ 1800 اساتذہ کو ٹریننگ فراہم کرے گا،6روزہ ٹریننگ تین مراحل میں 22 اگست تک دی جائے گی۔
قائداکیڈمی نے اساتذہ کی سو فیصد حاضری کیلئے ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ لکھ دیا۔ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ٹریننگ میں شرکت نہ کرنے والے اساتذہ کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کرکٹ کے معاملات سابق کپتان وقار یونس کو سونپنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین محسن نقوی انتظامی امور دیکھا کریں گے اور کرکٹ کے حوالے سے تمام فیصلوں کا ذمہ دار ایک کرکٹر ہو گا۔
شعبہ انٹرنیشنل، ڈومیسٹک، سلیکشن کمیٹی کے امور، کھلاڑیوں کے این او سی سمیت تمام فیصلے کرکٹر کرے گا جب کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ساری توجہ ایڈ منسٹریشن پر دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے انتظامی امور پر چیئرمین محسن نقوی کا اولین فوکس ہے۔
سابق کپتان وقار یونس کو پی سی بی میں اعلیٰ عہدہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، وہ مینز کرکٹ کے معاملات دیکھیں گے۔
پی سی بی آئین 2014 کے مطابق چیئرمین اپنی پاور کسی کو سونپنے کا اختیار رکھتے ہیں۔
وقار یونس قومی ٹیم سے متعلقہ تمام امور کے نگران ہوں گے، وہ نیشنل سلیکشن کمیٹی وائٹ بال اور ریڈ بال کوچز کو دیکھیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین محسن نقوی کرکٹ کے اہم امور میں تجربہ کار کرکٹرز کو شامل کرنا چاہتے ہیں۔
کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں 29 جولائی 2024 کو ماسٹر آف سائنس ان پبلک ہیلتھ کا داخلہ ٹیسٹ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔
کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر لئیق الزمان کے مطابق اس داخلہ ٹیسٹ میں 122 امیدواروں نے 50 نشستوں کے لیے مقابلہ کیا اور اپنے علم اور تنقیدی سوچ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
کنٹرولر امتحانات نے اپنی نگراں ٹیم کے تعاون سے امتحانی مقامات کی نگرانی کی۔ٹیسٹ کو منصفانہ طریقے سے منعقد کرانے کے لیے نگران امتحان اور معاون عملہ نے اپنی خدمات سرانجام دیں ۔
جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان کے ساتھ ٹیسٹ کا دورہ کیا اور شفاف طریقے سے ٹیسٹ کے انعقاد پر شعبہ امتحانات اور ایڈمشنز آفس کی تعریف کی۔ "ہمیں اس امتحان کے دوران برقرار رکھے گئے اعلیٰ معیار پر فخر ہے اور ہم ان تمام لوگوں کے مشکور ہیں جنہوں نے اس کی کامیابی میں تعاون کیا۔
ہمارے عملے اور فیکلٹی ممبران کی لگن اور محنت قابل ستائش ہے۔"اپپناانسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی چیئر پرسن ڈاکٹر آمنہ ریحانہ کہ مطابق ماسٹر آف سائنسز ان پبلک ہیلتھ کا داخلہ ٹیسٹ جامعہ کی تعلیمی، اور شعبہ صحت میں مسلسل خدمات کی نشاندہی کرتا ہےاور مستقبل میں صحت عامہ کے رہنماؤں کی ترقی کے لیے جاری وابستگی میں ایک اور سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے۔
اس ٹیسٹ کی انتظامی اور نگران ٹیم میں ڈپٹی کنٹرولر امتحانات سنی راجہ، ساجد عاطف علیم، ڈاکٹر فہد خان،ایم ایس پی ایچ کے پروگرام مینیجر سلمان زیدی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمشنز سید کاشان علی، عمران سلیم اور دیگر عملے نے اپنی خدمات پیش کیں۔
گلگت : گلگت بلتستان میں نیا تعلیمی سال یکم اگست سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔
گلگت بلتستان کے تمام سرکاری سکولوں میں موسم گرمِ کی تعطیلات مختصر کرکے یکم اگست سے پرائمری سے اوپر کی سطح کی کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا اور طلبہ تدریسی و غیر تدریسی عملے کو یکم اگست کو ہی سکولوں میں حاضر ہونے کا حکم دیدیا گیا ہے
یاد رہے کہ سرکاری سکولز گرمائی چھٹیوں کے بعد گیارہ اگست کو کھلنے تھے تاہم میٹرک کے امتحانی نتائج کے بعد پیدا ہونےوالی صورتحال کے بعد اسکولوں کی چھٹیاں مختصر کرکے دس روز قبل مڈل اور ہائی کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اساتذہ کو اعلی تربیت دینے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں اور انہیں کورسز سے گزرنا پڑے گا سزا و جزا کا نظام بھی متعارف کرایا جارہا ہے۔
چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا نے گلگت بلتستان کے سرکاری سکولوں کے میٹرک سالانہ امتحانات مایوس کن نتائج کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے خراب نتائج کی تحقیقات کرکے تین روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔
چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے مایوس کن اور خراب نتائج پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں کے خراب نتائج کے اسباب تلاش کئے جائیں گے جو جو لوگ ذمہ دار ٹھہریں گے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائےگی،متعلقہ حکام تین روز میں خراب نتائج کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں تاکہ ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی عمل میں لائی جاسکے،
ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا سکولوں کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے پر عزم ہیں وہ چاہتے ہیں کہ خراب نتائج کے ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزائیں دی جائیں، ادھر چیف سیکرٹری کو خفیہ مراسلہ موصول ہوا ہے جس میں ان سے شکایت کی گئی ہے کہ سرکاری اسکولوں کے خراب نتائج کی ایک وجہ اسکولوں میں پسند ناپسند کی بنیاد پر اساتذہ کی تعیناتیاں ہیں،کئی سکولوں میں طلبہ کی شرح سے کئی گنا زیادہ اساتذہ تعینات ہیں جبکہ متعدد سکولوں میں ضرورت سے کم اساتذہ تعینات کئے گئے ہیں، سبجیکٹ سپیشلسٹ سے انتظامی عہدوں پر رکھ کر کام لیا جارہا ہے، پسند نا پسند کی بنیاد پر اساتذہ کی تعیناتیوں کی وجہ سے نظام تعلیم متاثر ہورہا ہے
چیف سیکرٹری نے سکولوں میں اساتذہ کی تعیناتیوں کے معاملے کا از سر نو جائزہ لینے کا بھی عندیہ دیدیا ہے اور تمام ماتحت افسران کو سکولوں کے بارے میں ہر ماہ کارکردگی رپورٹ پیش کرنےکی بھی ہدایات جاری کردی ہیں۔
اسٹار بیٹر جو روٹ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تینوں دورانیہ میں ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں روٹ نے 87 رنز اسکور کیے جس سے ان کے رواں ٹیسٹ چیمپئن شپ دورانیہ میں کھیلے گئے 13 میچز میں رنز کی تعداد 1023 ہوگئی ہے۔
اس سے قبل پہلی اور دوسری ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھی روٹ ایک ہزار سے زائد رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے، رواں دورانیہ میں وہ سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانیوالے کرکٹرز میں دوسرے نمبر پر ہیں، ٹاپ پر فی الحال بھارت کے یشاسوی جیسوال 1028 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔