Reporter SS
لاہور: پیرس اولمپک میں تاریخ رقم کرنے والے اولمپک گولڈ میڈلسٹ قومی ہیرو ارشد ندیم کا پیرس سے وطن واپسی پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔
قومی ہیرو ارشد ندیم کو ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے پاکستان کی حدود میں طیارہ داخل ہونے پر خوش آمدید کہا گیا، طیارے کو خصوصی واٹر کینن سیلوٹ پیش کیا گیا، لاہور ایئر پورٹ پر شہریوں کی بہت بڑی تعداد قومی ہیرو کا استقبال کرنے کیلئے موجود تھے۔
طیارے سے باہر آنے کے بعد انہیں ایئرپورٹ سیکیورٹی حکام کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے، ارشد ندیم کی اپنے والد سے ملاقات پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، والد انہیں گلے سے لگا کر اپنے آنسوؤں کو روک نہ سکے۔
ارشد ندیم کے اہلخانہ، دوست احباب، گاؤں والوں لاہور ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ اس کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود تھی۔
ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ان کے گاؤں میاں چنوں چک 101 میں اسپیکر پر اعلان کرایا گیا تھا کہ جس نے ارشد ندیم کو ایئر پورٹ لینے جانا ہے وہ تیار ہو جائے۔ ارشد ندیم کے گاؤں کے لوگوں کو لاہور ایئر پورٹ لے جانے کے لیے سرکاری بسوں کا انتظام کیا گیا۔
وہاڑی: ابوظہبی میں روڈ ایکسیڈنٹ میں جاں بحق ہونے والے چار دوستوں کی میتیں پاکستان پہنچ گئیں۔
چاروں دوستوں کی میتیں جب ان کے گاؤں پہنچیں تو کہرام مچ گیا ہر آنکھ اشکبار تھی، جاں بحق ہونے والوں کو نماز جنازہ کے بعد ان کے آبائی قبرستانوں میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔
وہاڑی کے رہائشی مقصود آرائیں، شاہد آرائیں، زاہد آرائیں اور شہزاد آرائیں گزشتہ دنوں ابوظہبی میں روڈ ایکسیڈنٹ میں جاں بحق ہو گئے تھے، جن کی میتیں لاہور ائیرپورٹ پہنچیں جہاں سے بذریعہ ایمبولینس وہاڑی لائی گئیں۔
شہزاد آرائیں اور شاہد آرائیں کی میتیں تدفین کے لئے ان کے آبائی قبرستان ساہیوال اور کہروڑپکا روانہ کر دی گئیں۔
مقصود آرائیں اور زاہد آرائیں کی نماز جنازہ 3 ڈبلیو بی وہاڑی میں ادا کرنے کے بعد انہیں سپرد خاک کر دیا گیا۔
جاں بحق ہونے والے چاروں نوجوان دوست اور آپس میں عزیز تھے۔
پاکستانی طالب علم رضا نذر نے ملک کا نام روشن کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی۔
رضا نذر آکسفورڈ یونیورسٹی کی گریجویٹ کمیونٹی کے صدر منتخب ہوگئے جس کے بعد وہ عہدہ سنھبالنے والے پہلے مسلمان اور پاکستانی بن گئے۔
پاکستانی طالب علم رضا نذر نے ابتدائی تعلیم کراچی اور لاء ڈگری لندن سے حاصل کی۔اس موقع پر رضا نذر کا کہنا تھا کہ ان کی تحقیق آئینی نظریہ اور خودمختاری پر مرکوز ہے۔
سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ کی جانب سے کراچی ریجن میں درسی کتب کی ترسیل کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا۔
کراچی کو کتب کی ترسیل کے آخری مرحلہ مکمل ہونے کے سلسلے میں ایک تقریب سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ کے لانڈھی کراچی میں واقع ویئر ہاؤس میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین عبدالعلیم لاشاری، سیکریٹری بورڈ حفیظ اللہ مہر، ضلع ملیر کے تعلیمی افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ عبدالعلیم لاشاری نے کہا کہ سندھ کے 17 اضلاع میں کتب کی ترسیل کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے اس ضمن میں کراچی کے ضلع کیماڑی کے لیے آخری کھیپ بھیجی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ریجن کو تقریباً 7لاکھ درسی کتب کے سیٹس مہیا کیے گئے ہیں۔
چیئرمین عبدالعلیم لاشاری نے کہا کہ وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کی ہدایت کے مطابق کتب کی ترسیل کا کام شروع کیا گیا، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹ بک بورڈ کتب نے 1970 سے کتب کی چھپائی اور ترسیل کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اس میں وقت کے ساتھ کچھ چیلینجز بھی درپیش رہے ہیں، کتب کا مسودہ تیار ہونے پر ان کو پبلش اور ترسیل کی ذمہ داری ٹیکسٹ بک بورڈ کی ہے اس ضمن میں ہم نے اس رواں سال سے تمام ضلعوں کی انتظامیہ سے بھی مدد لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹ بک بورڈ نے اس سال 4.4 ملین کتب سے سیٹ کی چھپائی کو مکمل کیا ہے۔ عبدالعلیم لاشاری نے کہا کہ ٹیکسٹ بک کا اگلا مرحلہ کتب کو موبائیل ایپ پر منتقل کرنے کا ہے تا کہ موبائیل کے ذریعہ بھی طلباء کو درسی مواد تک رسائی دی جا سکے۔ ایک سوال پر چیئرمین نے کہا کہ 138 تعلقہ میں سے 68 تحصیل ہو کتب تقسیم ہو چکی ہیں،انہوںنے کہا کہ کتب کی ترسیل کا اگلا مرحلہ آئیندہ ہفتہ سے شروع ہوگا۔ بعد ازاں چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ عبدالعلیم لاشاری نے مختلف شخصیات کے ہمراہ کتب کو کنٹینر میں رکھوایا اور سارے مرحلہ کی نگرانی بھی کی۔
افریقہ سے تعلق رکھنے والے ڈپلومیٹس، سفاترکار، تعلیمی اداروں کے سربراہان اور دیگر نے سندھ اسمبلی کی ایم پی اے اور کھیلوں اور نوجوانوں کے امور کی پارلیامانی سیکریٹری صائمہ آغا کی قیادت میں سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری سے ملاقات کی۔
وفد میں نائجیر میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر احمد علی سیروہی، کے اے اے ٹی یونیورسٹی نائجیر کے ریکٹر مسٹر ابراہیم گیرو محمدول-ہادی، ڈاکٹر حلیدو سومانا ابراہیم، آئی پی ایس پی نائجیر کے ریکٹرساندا مائیگا عبداللہ، آل ٹی افریقی انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، نیامے کے نمائندہ ابراہیم بن مقصود اور دیگر موجود تھے،
نائیجیرین وفد کی زرعی یونیورسٹی کا دورہ، نائجیر میں زراعت، لائیواسٹاک اور پولٹری کیلئے، زرعی یونیورسٹی سے ماہرین کی مہارت اور تعاون کی گذارش، وائیس چانسلر کو نائجیر کی دورے کی دعوت، تفصیلات کے مطابق اور نائجیر کی جامعات میں فیکلٹی آف ایگریکلچر شروع کرنے کیلئے وائیس چانسلر ڈاکٹر فتح میں تعاون کی گذارش کی،
وفد سے باتیں کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا سندھ زرعی یونیورسٹی بیرون ممالک طلبہ کیلئے اعلیٰ تعلیم کیلئے سازگار ماحول بنا رہی ہے، اور گذشتہ سال سے خاص طور پر افریکی طلبہ کیلئے ایڈمیشنز کا آغاز کر چکی ہے، اور داخلہ فیسز سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، انہوں نے کہا سندھ زرعی یونیورسٹی ریگستانی زراعت اور نامیاتی میواجات اور سبزیوں پر تحقیق کا آغاز کر چکی ہے، سندھ زرعی یونیورسٹی افریکی ممالک کی جامعات میں زرعی، لائیو اسٹاک اور پولٹری میں فنی معاونت کرے گی،۔
اس ضمن میں وائیس چانسلر نے نائجیر کا دورہ کرنے کی حامی بھری، انہوں نے کہا او آئی سی کی مالی معاونت سے ترقی پذیر ممالک میں زرعی تعلیم کو فروغ دیا جائیگا، اس موقع پر کے اے اے ٹی یونیورسٹی نائجیر کے ریکٹر مسٹر ابراہیم گیرو محمدول-ہادی نے اپنی جامعی میں زرعی فیکلٹی کے قیام کیلئے وائیس چاننسلر ڈاکٹر فتح مری سے معاونت کی گذارش کی۔
واٹس ایپ کا استعمال دنیا بھر میں 2 ارب سے زائد افراد کرتے ہیں اور اس پر اکثر صارفین کو میسجز کی بھرمار کا سامنا ہوتا ہے۔
درحقیقت بیشتر افراد کے لیے واٹس ایپ کے تمام پیغامات کو پڑھنا کافی مشکل ہوتا ہے جن میں سے زیادہ تر ان کے لیے غیرضروری ہوتے ہیں۔مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ واٹس ایپ میں ایک ایسا فیچر موجود ہے جس سے آپ تمام ان ریڈ (unread) میسجز کو فوری طورپر کلیئر کرسکتے ہیں؟
جی ہاں واقعی اس فیچر کا علم بہت کم افراد کو ہے۔ویسے تو واٹس ایپ کے میسجز کو کلیئر کرنے کا عمل کافی وقت طلب ہے کیونکہ اس کے لیے ہر چیٹ کو اوپن کرکے تمام میسجز کو دیکھنا پڑتا ہے۔
مگر واٹس ایپ کے ایک چھپے ہوئے مینیو سے یہ عمل بہت تیز رفتاری سے مکمل کیا جا سکتا ہے۔اس فیچر سے آپ واٹس ایپ ان باکس کو لاتعداد ان ریڈ میسجز سے پاک رکھ سکتے ہیں۔اسے استعمال کرنے کے لیے پہلے یہ دیکھنا ہوگا کہ واٹس ایپ میں موجود چیٹ فلٹرز یعنی آل، ان ریڈ، گروپس اور فیورٹس بٹن موجود ہیں یا نہیں۔
اگر یہ بٹن موجود ہیں تو آل یا ان ریڈ فلٹر کو دبا کر رکھنے پرایک مینیو شو ہوگا جس پر مارک ایز ریڈ کا آپشن نظر آئے گا۔
اس آپشن کو سلیکٹ کرنے پر تمام ان ریڈ میسجز غائب ہو جائیں گے یا یوں کہہ لیں کہ ایسا شو ہوگا جیسے آپ نے انہیں پڑھ لیا ہے۔اس فیچر سے ان صارفین کو زیادہ فائدہ ہوگا جو متعدد واٹس ایپ گروپس کا حصہ ہیں اور ان کے لیے تمام میسجز کو پڑھنا ممکن نہیں ہوتا۔
اس طریقہ کار سے انہیں وقت بچانے کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ ان باکس کو منظم رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی جانب سے الحاق شدہ تمام سرکاری و نجی کالجوں اور ہائیرسیکنڈری اسکولوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ انٹرمیڈیٹ حصہ اول، حصہ دوم (فریش، فیلیئر) کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے آرٹس ریگولر گروپ کے عملی امتحانات 15 اگست2024 ء سے 31 اگست 2024ء تک ہوں گے۔
انٹربورڈ کی جانب سے طالب علموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عملی امتحانات کا پروگرام 15 اگست سے پہلے اپنے کالجوں سے حاصل کرلیں۔
تمام پرائیویٹ امیدوار، ایڈیشنل سبجیکٹ، امپروومنٹ آف ڈویژن، شارٹ سبجیکٹ، بارہ پرچے (T.P)، اسپیشل چانس کے امیدوار عملی امتحانات اپنے سابقہ کالجوں میں ہی دیں گے۔
بنگلادیش کیخلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے میچ آفیشلزکے ناموں کا اعلان کردیا گیا۔
سری لنکا سے تعلق رکھنے والے میچ ریفریز کے آئی سی سی ایلیٹ پینل کے ممبر رنجن مدوگالے پاکستان اور بنگلادیش کے دونوں ٹیسٹ میچوں میں آئی سی سی میچ ریفری ہوں گے۔سیریز کے دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ ا سٹیڈیم جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے 3 ستمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ٹیسٹ سیریز کیلئے 3 امپائرز آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز سے ہوں گے اور 2 امپائرز آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز سے ہوں گے۔
راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ کے رچرڈ کیٹلبرو اور جنوبی افریقہ کے ایڈرین ہولڈ اسٹوک آن فیلڈ امپائر ہوں گے، انگلینڈ کے مائیکل گف تھرڈ امپائر جبکہ پاکستان کے راشد ریاض فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔
کراچی ٹیسٹ میں مائیکل گف اور ایڈرین ہولڈ سٹوک آن فیلڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گے جبکہ رچرڈ کیٹلبرو تھرڈ امپائر اور پاکستان کے آصف یعقوب فورتھ امپائر ہوں گے۔
کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) نے طبی تعلیم اور تربیت میں تعاون کو بڑھانے کے اپنے عزم کو باضابطہ شکل دی۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب جے ایس ایم یو میں منعقد ہوئی جو جے پی ایم سی میں تدریسی سرگرمیوں کے معیار کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے بتایا کہ 'اس معاہدے کے تحت یونیورسٹی جے پی ایم سی کو فیکلٹی ممبران فراہم کرے گی، تدریسی عملے میں اضافہ کرے گی اور تعلیمی فراہمی میں موجود خلا کو پورا کرے گی۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر جے پی ایم سی پروفیسر شاہد رسول نے مفاہمتی یادداشت کو طبی تعلیم اور تربیت کے معیار کو بہتر بنانے، تعاون کو فروغ دینے اور تدریسی سرگرمیوں میں موجودہ خلا کو دور کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا
دستخط کی تقریب میں دونوں اداروں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی، جن میں پرنسپل ایس آئی او ایچ ایس پروفیسر زبیر عباسی، پروفیسر یاور عابدی، ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز ڈاکٹر راحت ناز، ڈاکٹر یحییٰ خان، ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر جے پی ایم سی، ڈاکٹر محمد سلیمان، جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر جے پی ایم سی، ڈاکٹر نوشین رؤف، ڈپٹی ڈائریکٹر جے پی ایم سی، اور ڈاکٹر کوثر، پروفیسر آف فزیالوجی جے پی ایم سی شامل تھے۔
مفاہمتی یادداشت پر جے پی ایم سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول اور جے ایس ایم یو کے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نے دستخط کیے جبکہ میڈیسن کے ڈین اور سندھ میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر مسرور احمد اور بیسک میڈیکل سائنسز کے ڈین پروفیسر محمد اظہر مغل نے بطور گواہان دستخط کیے۔
56 واں انٹر نیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ میں پاکستانی طالب علموں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا،
سعودی عرب کے شہرریاض میں 56 واں اولمپیاڈ21 تا30 جولائی(2024) منعقد ہوا جس میں کراچی گرامر اسکول کے عبدالرافع نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ ٹیم کے دیگر اراکین میں لاہور گرامر اسکول وا کینٹ کی ماہ نور راشد،پنجاب کالج برائے خواتین، جرانوالیہ روڈ فیصل آباد کی مروا اور دبئی انٹرنیشنل پبلک اسکول اینڈ کالج مانسہرہ کے سید مہر علی شاہ شامل تھے۔
طالبِ علموں کو ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی میں کیمسٹری کی تربیت دی گئی تھی
پاکستانی طالب علموں نے ان مقابلوں میں این سی ٹی سی کے کوآرڈینیٹر اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر ایم رضا شاہ اورپروفیسر ڈاکٹر خالد ایم خان کی زیر قیادت شرکت کی تھی۔انھوں نے کہا علم کیمیاء کے مقابلوں میں پاکستانی نوجوان اسکالرز کی شرکت ا علیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کے تعاون سے ممکن ہوتی ہے جبکہ ان کی تربیت بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے تحقیقی ادارے ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری میں کی گئی۔
آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے کامیاب طالبِ علموں کو اور اُن کے رہنماوں کو اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ دوسری جانب شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور پروفیسرامریطس ڈاکٹر عطا الرحمن نے بھی اس کامیابی پر طالبِ علموں اور اُن کے رہنماوں کو مبارکباد دی ہے۔