ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) سڈنی واقعے کے بعد آسٹریلیا میں موجود بھارتی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی بڑھادی گئی۔ ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے سڈنی واقعےکے بعد کھلاڑیوں کی سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیاتھا۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں دو نامعلوم مسلح افراد نے ایک کیفے میں کم از کم 13 افراد کو تاحال یرغمال بنا رکھا ہے جبکہ سڈنی کے مشہور "اوپرا ہائوس" مشتبہ پیکٹ ملنے کے بعد خالی کرالیا گیا تھا، صورت حال کے پیش نظر وزیراعظم نے نیشنل سیکورٹی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)بلجیم میں حکومتی پالیسیوں کیخلاف ہڑتال کی کال ملک بھر کی مختلف مزدور یونینز کی جانب سے دی گئی ہے ۔ہڑتال کے باعث دارالحکومت برسلز میں آنے والی مقامی اور انٹرنیشنل پروازیں منسوخ ہوگئیں ہیں اور انہیں دیگر شہروں میں اتارا جائے گا جبکہ اندرون ملک ٹرین سروس بھی معطل رہے گی۔ ۔ہڑتال کی کال حکومت کی جانب سے اس منصوبے کو ختم کرنے کے بعد دی گئی، جس کے تحت اخراجات میں اضافے کی صورت میں ہر سال خود بخود تنخواہوں میں اضافہ ہوتا تھا، اس کے علاوہ سرکاری محکموں سے ملازمین کو نکالے جانے اور ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے کے فیصلے کو بھی رد کردیا ہے۔
ایمزٹی وی (تجارت) چین نے پاکستانی ٹیکسٹائل کے شعبے میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں چینی کمپنی پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنی کے 24 فیصد حصص خریدے گی۔ کمپنی ذرائع کے مطابق پاکستان کی سب سے بڑی انڈسٹری ٹیکسٹائل کے شعبے میں چین بھی اپنا حصہ شامل کرنے کا خواہاں ہے۔ پاکستان کو حاصل جی ایس پی پلس مراعات، مقامی سستی کپاس اور سستے لیبر سے فائدہ اٹھانے کیلئے چین اور پاکستانی کمپنی نے مل کر کام کرنے کی ٹھان لی ہے۔ چین کی شنگھائی چیلنج ٹیکسٹائل کمپنی مقامی مسعود ٹیکسٹائل کمپنی کے 24 فیصد حصص خریدے گی۔ ماہرین کے مطابق یہ اپنی نوعیت کی پہلی کاروباری شراکت داری ہے جس میں کسی چینی کمپنی نے پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنی کے حصص خریدنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک ) مصر میں عدالتی حکام نے گذشتہ سال اگست میں ہونے والے مظاہروں کے دوران سرکاری عمارتوں پر حملوں کے الزام میں 439 افراد پر فوجی عدالتوں میں مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا تھا،ان افراد کے مقدمات صدر عبدالفتح السیسی کی جانب سے سرکاری اثاثوں کو نشانہ بنانے والے عام شہریوں پر فوجی عدالت میں مقدمہ چلانے کی اجازت کے فرمان کے بعد فوجی عدالتوں کو بھیجے گئے ہیں،حقوقِ انسانی کے گروپ نے مصر میں فوجی عدالتوں پر تنقید کرتے ہوئےکہاہے کہ ان میں ملزمان کو وہ برائے نام قانونی تحفظ بھی میسر نہیں ہوتا جو عام عدالتوں میں انھیں مل سکتا ہے، جبکہ باقی دریائے نیل کے کنارے واقع صوبے بہیرہ سے تعلق رکھتے ہیں،مصر میں اخوان المسلمین کے سربراہ محمد مرسی کی ملکی صدارت سے معزولی کے بعد سے سے اب تک اجتماعی مقدمات میں 15 ہزار سے زیادہ مصری باشندوں کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔
ایمزٹی وی (سیاسی) فلسطین اپنے علاقوں سے اسرائیلی قبضہ 2 سال میں ختم کرانے کی قرار داد سلامتی کونسل میں بدھ کو پیش کریگا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ قرار داد رد کردی جائیگی۔فلسطینی رہنمائوں نے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی قبضہ ختم کرانے کے لیے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کو پیش کی جانے والی قرار داد میں توقع ہے کہ اسرائیل کو 2 سال کی ڈیڈ لائن دی جائے گی کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا قبضہ ختم کرے ۔ اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں ممکنہ فلسطینی ریاست کے حوالے سے جو بھی قرارداد پیش کی جائیگی وہ رد کردی جائے گی۔ ادھر اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے درمیان آج اٹلی کے دارالحکومت روم میں ملاقات ہو گی۔ نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد منگل کے روز جان کیری فلسطینی مذاکرات کار صائب ارکات سے لندن پہنچ کر ملیں گے ۔
ایمزٹی وی (سیاسی) پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کوشش ہے کہ موٹروے کےساتھ جگہ جگہ انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جائے، تیل اور بجلی کے نرخ کم ہونے سے ترقی کا پہیا تیز چلے گا، پٹرول کی قیمت کم کرنےکا فائدہ کسانوں، صنعت کاروں اورگھریلو صارفین کوہوگا، ہمارا ’’پلان ڈی‘‘ ملک کی ترقی ہے، تخریب کاری کا ’’پلان ڈی‘‘ کسی اور کے پاس ہے۔ چکوال میں موٹروے کی تعمیر نو کے آغاز کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ چکوال، اسلام آباد، لاہور کی موٹروے دنیا کی بہترین موٹروے میں شمار ہوگی، منصوبے کو مقررہ وقت اور لاگت سے مکمل کیا جائے گا، جب موٹروے کی تعمیرشروع ہوئی تھی تو رخنے آتے تھے، اب دھرنے آتے ہیں، جو تنقید کرتے تھے وہ بھی آج موٹروے پر سفر کرتے ہیں، آج کل موٹروے پر تیز دوڑنے والے ٹائروں کو آگ لگائی جارہی ہے، لگتا ہے راستے میں روڑے نہیں پہاڑ کھڑے ہیں، رکاوٹیں ہمارے بڑھنے والے قدم نہیں روک سکتیں، موٹروے ڈیڑھ سال میں مکمل کی جائیگی۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ برآمدات میں اضافہ ہوگا اور عوام سکھ کا سانس لیںگے، اگلےانتخابات پرہمارے کارناموں میں درج ہوگا کہ ہم نےلوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، ہم نے مہنگائی کی کمر توڑی ہے، جہاں کسی اورکی حکومت ہے وہاں درج ہوگا ہم نے جمہوریت کو گالیاں دی، ہم نے دھرنے دیے، ٹائر جلائے اور پاکستان کو ترقی سے روکا۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے اپنے وسائل سے مکمل کی، کسی سے قرض نہیں لیا، ایف ڈبلیو حکومت کو 206 ارب روپے بھی ادا کریگی، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 6 رویہ موٹروے تعمیر کی گئی ، موٹروے کی تعمیر نو کے ساتھ حفاظتی جنگلے کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مختصرمدت میں دوسری بار چکوال آنے پر خوشی ہے، جب بھی منصفانہ انتخابات ہوتے ہیں عوام ہمیں خدمت کا موقع دیتے ہیں ۔
ایمزٹی وی (صحت) کوئٹہ میں انسداد پولیو کی تین روزہ مہم شروع ہوگئی ہے، مہم کے لئے خصوصی انتظامات کئےگئےہیں۔ محکمہ بلوچستان ذرائع کے مطابق خصوصی مہم کےدوران کوئٹہ میں تقریبا چار لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کےقطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس حوالے سے پولیو ٹیمیں اور محکمہ صحت کے رضاکار شہر کے مختلف علاقوں، بس اڈوں اور مراکز صحت میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے میں مصروف ہیں جبکہ مہم کے دوران موبائل ٹیموں کےعلاوہ مختلف ٹرانزٹ مقامات پر بھی بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا بندوبست کیا گیا ہے، انسداد پولیو مہم کےدوران پولیو ورکرز کی سکیورٹی کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور خاص طور پر گزشتہ ماہ کوئٹہ میں پولیو ٹیم پر حملے کے بعد ٹیموں کی سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، رواں سال کوئٹہ میں اب تک پولیو وائرس کے پانچ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔انسداد پولیو کی خصوصی مہم 18 دسمبر تک جاری رہے گی ۔
ایمزٹی وی (صحت) تھرپارکر میں غذائی قلت کے باعث آج بھی دوبچے انتقال کر گئے، جس کے بعد دسمبر کے 15 روز میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 51 ہوگئی ہے، تھر میں غذائی قلت کے باعث مختلف امراض میں مبتلا بچوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے، سول اسپتال مٹھی میں زیرعلاج 10 دن کا بچہ اور ڈیپلو میں بیمار دو ماہ کا بچہ دم توڑ گیا، تھرمیں رواں ماہ اب تک قبل از وقت پیدائش اورغذائی قلت کے باعث مختلف امراض میں مبتلا 51 بچے انتقال کرچکے ہیں ۔
ایمزٹی وی (سیاسی) سوئی کے علاقے میں دہشت گردوں نے 20 انچ قطر کی گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑادی جس سے سندھ اور پنجاب کے متعدد علاقے متاثر ہوئے جبکہ زمزمہ گیس فیلڈ اچانک بند ہونے سے 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی رک گئی، سوئی ناردرن کی جانب سے پنجاب کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو سپلائی معطل ہوگئی۔ لیویز کیمطابق اتوار کو سوئی کے علاقے گوپٹ میں نامعلوم افراد نے تخریب کاری کی غرض سے گیس پائپ لائن کے ساتھ دھماکا خیز مواد نصب کر رکھا تھا جو دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں 20انچ قطر کی گیس پائپ لائن تباہ ہوگئی جس سے سندھ کے مختلف علاقوں کو گیس کی فراہمی متاثر ہوئی۔ لیویز نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی۔ ادھر اتوار کو سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے ذرائع نے بتایا کہ اچانک خرابی کی وجہ سے زمزمہ گیس فیلڈ بند کردی گئی ہے جسکی وجہ سے سسٹم میں 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی رک گئی ہے جبکہ گیس کے بحران سے بچنے کے لئے زمزمہ فیلڈ سے گیس کی سپلائی بحال ہونے تک صوبہ پنجاب میں ٹیکسٹائل ملوں کو گیس کی فراہمی بند کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جب تک زمزمہ گیس فیلڈ میں اچانک خرابی کی وجہ معلوم نہیں ہوتی اور خرابی دور نہیں کر دی جاتی اس وقت تک پنجاب میں ٹیکسٹائل ملوں کو گیس کی فراہمی معطل رہے گی جبکہ زمزمہ فیلڈ سے 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ملتے یہ ٹیکسٹائل ملوں کےلئے بھی گیس کی سپلائی بحال کر دی جائے گی ۔
ایمزٹی وی (فارن ڈیسک)ن سابق امریکی نائب صدر ڈک چینی نے سی آئی اے پرتشدد تفتیشی طریقہ کار کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ موقع ملے تو دوبارہ ایسا کریںگے، سی آئی اے اہلکار تشدد پسند نہیں بلکہ ہیرو ہیں، سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی نے 500 صفحات پر مشتمل ایک رپورٹ گزشتہ ہفتے جاری کی تھی جس میں سی آئی اے کے طریقہ تفتیش کے بارے میں ہول ناک انکشاف کیے گئے تھے۔ رپورٹ منظرعام پر آنے کے بعد امریکا کے حلیف اور حریف ممالک کی جانب سے شدید تنقید بھی سامنے آئی تھی۔ تاہم سابق امریکی نائب صدر ڈک چینی نے سی آئی کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر موقع ملے تو ایسا دوبارہ کریںگے۔ "میٹ دی پریس" میں میڈیا سے بات چیت میں انکا کہنا تھا کہ ہم نے نہ صرف اسامہ بن لادن کو پکڑا بلکہ القاعدہ کے بے شمار دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا کہ جو نائن الیون سانحے میں ملوث تھے۔ ڈک چینی کا کہنا تھا کہ القاعدہ نے جو کچھ امریکا کے ساتھ کیا وہ تشدد تھا جبکہ سی آئی اے اہلکار ہمارے ہیرو ہیں ۔