پیر, 25 نومبر 2024

ایمزٹی وی (سیاسی) ڈاکٹرعافیہ اور سیاہ فاموں کے ساتھ ناانصافیوں نے امریکی نظام انصاف کی قلعی کھول دی ہے۔ یہ صورت حال چراغ تلے اندھیرا کے مترادف ہے کہ امریکا پوری دنیا میں انسانی حقوق، اپنی جمہوریت اور دنیا کی واحد سپر پاور ہونے کا ڈھنڈورا پیٹتا ہے لیکن وہاں نچلی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف اپیل پر انتہائی بھاری بھر کم اخراجات آتے ہیں کہ کوئی اپنا دفاع ہی نہ کرسکے۔ امریکا کے قول و فعل میں گہرا تضاد ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار سپریم کورٹ کے جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد نے مقامی ہوٹل میں عافیت ٹرسٹ، ہیومن رائٹس نیٹ ورک و دیگر کے زیر اہتمام مشترکہ سیمینار سے ریٹائرڈ ایڈمرل سروہی، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی، بیرسٹر نسیم باجوہ، ڈاکٹر ابوبکر شیخ، مسزشمیم کاظمی اورالطاف شکور نے بھی خطاب کیا ۔

ایمزٹی وی (کھیل)  آل راؤنڈر حارث سہیل نے محمد حفیظ کےلئے خطرے کی گھنٹی بجادی اور نوجوان کرکٹرکا کہنا ہے کہ نیٹ میں مسلسل بولنگ کا ثمر مل گیا، کوچز اور کپتان نے بہتر پرفارم کرنے کا حوصلہ دیا، ٹیم کے کام آنے پر خوش ہوں۔

پاکستان کو محمد حفیظ کا ریڈی میڈ متبادل آل راؤنڈر میسر آگیا ہے، رنز دینے میں کنجوس شمار ہونیوالے تجربہ کار پلیئرکا بولنگ ایکشن آئی سی سی کے تحت بائیومکینک تجزیے میں غیر قانونی قرار دیا گیا ہے، بولنگ سے معطل کیے جانے کے بعد قوی امکان تھا کہ میزبان ٹیم 3 پیسرز محمد عرفان، وہاب ریاض اور عمرگل کیساتھ اسپنر ذوالفقار بابر کی خدمات سے فائدہ اٹھائے گی، مگر اضافی بیٹسمین کھلانے کیلئے سلو بولنگ کے شعبے کو حارث سہیل سے تقویت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

شاہد آفریدی کے ساتھ نوجوان بیٹسمین بھی ایک مکمل آل راؤنڈر کے روپ میں نظر آئے، لیفٹ آرم اسپنر کی پروفائل میں تو میڈیم پیسر لکھا ہے لیکن انھوں نے اچھی اسپن بولنگ کرتے ہوئے مسلسل 10 اوورز کا کوٹہ پورا کیا، حارث نے39رنز دیے لیکن کوئی وکٹ نہ حاصل کرسکے، حیرت کی بات یہ ہے کہ وہ اس سے قبل کبھی مستند بولر کے روپ میں سامنے نہیں آئے، انھوں نے کیریئر کے 57 فرسٹ کلاس میچز میں بھی صرف 11 اوورز اور 2 گیندیں ہی کی ہیں، میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ وقار یونس، بولنگ میں انکے معاون مشتاق احمد اور مصباح الحق نے دہرے کردار کیلئے تیار کرتے ہوئے اعتماد دیا، بطور اسپنر بھی پرفارم کرنے کے حوالے سے ان کی حوصلہ افزائی کے بعد نیٹ میں 2 سے 3گھنٹے تک پریکٹس کرتا رہا۔

خوش ہوں کہ میری کارکردگی ٹیم کے کام آگئی، انھوں نے کہا کہ بیٹنگ کے دوران شاہدآفریدی نے بھی بڑا سپورٹ کیا، کسی موقع پر اس دباؤ میں نہیں آنے دیاکہ انٹرنیشنل میچ میں کتنی اہم اننگز کھیل رہا ہوں، ایک سوال پر حارث سہیل نے کہا کہ مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرنا مشکل لیکن کچھ کردکھانے کا عزم اور سینئرز کی سپورٹ ہو تو مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

شایمز ٹی وی (فارن ڈیسک ) لاس اینجلس  میں سچے واقعے پر مبنی تھرل سے بھرپور ڈرامہ فلم ان دی ہارٹ آف دی سی( In The Heart Of The Sea)کا پہلاانٹرنیشنل ٹریلر جاری کردیا گیا ۔ران ہاورڈ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی مچھلیوں کے شکار کیلئے سمندر میں جانے والی ایسکس نامی ایک کشتی کے گرد گھومتی ہے جو ایک بڑی وہیل مچھلی کے حملے کا شکار ہوجاتی ہے۔فلم میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والوں میں کرس ہیمس ورتھ،بنجمن واکر،سیلین مرفی،ٹام ہالینڈ اور مائیکل فیئرلے سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔وارنر برادرز کے بینر تلے بننے والی اس فلم کی پروڈکشن کے فرائض بریان گریزر نے انجام دیئے ہیں جبکہ یہ فلم آئندہ برس 15مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنے گی-

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) امریکی سینیٹ کمیٹی کی جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ القاعدہ دہشت گردوں پر بتائے گئے تشدد سے کہیں زیادہ بھیانک تشدد کیا گیا، اور کوئی مفید معلومات بھی نہیں مل سکیں، اس سلسلے میں سی آئی اے نے وائٹ ہاؤس اور کانگریس کو بھی دھوکے میں رکھا، رپورٹ امریکی سی آئی اے کے تفتیشی پروگرام کی 5 سال کی تحقیقات کے بعد ریلیز کی گئی ہے، سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کی جاری کردہ رپورٹ 500 صفحات پر مشتمل ہے، جسے کمیٹی کی سربراہ ڈیان فینسٹین نے سینیٹ میں پیش کیا، رپورٹ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران القاعدہ کے گرفتار رہنماؤں اور دیگر قیدیوں پر تشدد اور ان سے حاصل ہونے والی معلومات پر مشتمل ہے۔ رپورٹ کے مطابق سی آئی کی جانب سے القاعدہ کے گرفتار دہشت گردوں پر دوران تفتیش کیا جانے والا تشدد اُس سے کہیں زیادہ بھیانک تھا کہ جسکا اعتراف کیا جاتا تھا، اوراس سے کوئی مفید انٹیلی جنس معلومات بھی نہیں مل سکی تھیں۔ سی آئی اے نے اس سلسلے میں نہ صرف وائٹ ہائوس بلکہ کانگریس تک کو دھوکے میں رکھا اور اپنے تفتیشی پروگرام کا زیادہ تر حصہ دو غیر متعلق کنٹریکٹر سے آپریٹ کرایا گیا۔ سی آئی اے کے موجودہ ڈائریکٹر جان برینن کا کہنا تھا کہ تفتیشی طریقہ کار میں خامیاں تھیں تاہم انہوں نے ان کارروائیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں کیے جانے والے ان حربوں کے نتیجے میں امریکی شہروں کو دہشت گرد حملوں سے محفوظ رکھنے میں مدد ملی۔ رپورٹ پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے صدر براک اوباما کا کہنا تھا کہ سی آئی اے کی خوفناک سزاؤں اور انکے تفتیشی طریقہ کار سے دنیا بھر میں امریکی مفادات کو نقصان پہنچا۔ انکا کہنا تھا کہ وہ اس پر کوئی دلائل دینے کی بجائے امید کرتے ہیں کہ اس ظالمانہ طریقہ کار کو اب اختیار نہیں کیا جائیگا اور اب یہ ماضی کا حصہ ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے خبردار کیا کہ رپورٹ منظرعام پر آنے سے دنیا بھر میں امریکی سفارت خانوں اور امریکی شہریوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ رپورٹ کے ردعمل کو سامنے رکھتے ہوئے دنیا بھر میں امریکی سفارت خانوں سمیت دیگر عمارتوں کی سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ اُدھر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کا کہنا تھا کہ رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ سی آئی اے نے تفتیش کے لیے جو طریقے اختیار کیے وہ عالمی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہیں اور اس غیر انسانی تشدد میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے، جس کے جواب میں، امریکی محکمہ انصاف نے ان مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے رپورٹ میں کوئی ایسی بات نہیں جسکی بنیاد پر فرد جرم عائد کی جائے ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) فیصل آباد کے وکلاء نے پی ٹی آئی کارکن کی ہلاکت کا مقدمہ سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے خلاف درج ہونے کے خلاف آج ہڑتال اور عدالتوں کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ فیصل آباد میں 8 دسمبر کو ہنگامہ آرائی کے دوران پی ٹی آئی کے ایک کارکن حق نواز ہلاک ہو گیا تھا جسکے مقدمے میں سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کی جانب سے بار کے ممبر اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے خلاف درج مقدمہ کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیتے ہوئے آج ہڑتال کی کال دی گئی تھی جس پر آج وکلاء نے مکمل طور پر عدالتی بائیکاٹ کر رکھا ہے ۔ وکلاء کی جانب سے گذشتہ روز پولیو ورکر کے قتل کے واقعہ کی بھی مذمت کی گئی ہے ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ہالی ووڈ کے صفِ اول کے ہدایت کار پیٹرجیکسن کیلئے ہالی ووڈ واک آف فیم اسٹار کا اعزاز۔ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے آسکرایوارڈ یافتہ 53 سالہ ہدایت کار پیٹرجیکسن کو ہدایتکاری کے شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر گذشتہ روز ہالی ووڈ واک آف فیم پر ستارے سے نوازا گیا ہے۔ ہالی ووڈ کو آسکر ایوارڈ وننگ فلموں"دی ہوبٹ فرنچائز" اور"کنگ کانگ" سمیت کئی کامیاب فلمیں دینے والے پیٹر جیکسن کو ہالی ووڈ واک آف فیم میں 2,538 ویں ستارے کا حقدار ٹھہرایا گیا۔ ہالی ووڈ بولیورڈ پر اس اعزاز کا حقدار ٹھہرائے جانے کی تقریب میں پیٹر جیکسن کے دی ہوبٹ فلموں کے اداکاروں ںآرلنڈو بلوم، الیجا ووڈ، ایونجلین للی، اینڈی سرکس، رچرڈ آرمیٹج اور لی پیس کے علاوہ انکی اہلیہ اسکرین رائٹر فرین والش اور بچوں نے شرکت کی۔ اس موقع پرپیٹر جیکسن موجود اپنے مداحوں کی چاہت اور والہانہ محبت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا بلکہ ہالی ووڈ واک آف فیم پر اپنے نام کے ستارے کی نقاب کشائی بھی کی ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) سیالکوٹ میں باؤ محمد انور کے قتل پر ردعمل نہ دکھانے پر متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لندن اور کراچی میں رابطہ کمیٹیوں کو معطل کردیا ہے، قمرمنصورکوایم کیو ایم رابطہ کمیٹی پاکستان اورارشد حسین کولندن کا انچارج مقرر کردیا، انہوںنے رابطہ کمیٹی پر شدید برہمی کا اظہارکرتے ہو ئے کہا کہ آج بھی رابطہ کمیٹی اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو زحمت نہیں دی، کیونکہ وہ بڑے لوگ ہیں۔ زونل، یونٹ انچارجز اور کارکن اپنے طور پر احتجاج کریں ۔

ایمزٹی وی (کھیل)  کینیا کی کرکٹ ٹیم لاہور ایئرپورٹ آمد پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور ایئرپورٹ کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی، کینین ٹیم کو سخت سیکیورٹی حصار میں قذافی اسٹیڈیم سے ملحقہ پاکستان کرکٹ اکیڈمی لے جایا گیا جہاں ٹیم اپنے دورے کے دوران قیام کرے گی اور 13 دسمبر سے پاکستان کی ’’اے‘‘ ٹیم کے خلاف 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

پاکستان ’’اے‘‘ اور کینیا کی ٹیموں کے درمیان 13، 15، 16، 18 اور 20 دسمبر کو کھیلے جانے والے تمام میچز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور ہر میچ 45 اوورز فی اننگز پر مشتمل ہوگا جبکہ شائقین کرکٹ کو میچ دیکھنے کے لئے فری پاس جاری کئے جائیں۔

یاد رہے کہ 3 مارچ 2009 کو  شدت پسندوں کی جانب سے سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد کسی بھی غیر ایشیائی کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) چین نے مزید 10 ٹن پینے کا پانی طیارے کے ذریعے مالدیپ روانہ کردیا ہے۔ چینی حکومت اور سری لنکا میں مقیم چینی تاجراس سے قبل بھی 85 ٹن صاف پانی مالدیپ بھیج چکے ہیں۔ گزشتہ روز چینی فضائیہ کے دو طیارے 40 ٹن اور اتوار کو چین کے بحری جہاز نے 700 ٹن پانی دارالحکومت مالے پہنچایا تھا۔ گزشتہ ہفتے مالدیپ کی واٹر اینڈ سیورج کمپنی میں آگ لگنے سے آلات کونقصان پہنچا اورتقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد کوپانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جب تک پانی کا مسئلہ حل نہیں ہوجاتا، چین مالدیپ کی امداد جاری رکھے گا ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈسک) طالبان کے ہاتھوں گولی کا نشانہ بننے والی پاکستان کی نوجوان بہادر بیٹی ملالہ یوسف زائی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ ایک دن ضرور واپس پاکستان جائیںگی اور پاکستان میں تعلیم پھیلانے کے خواب کو پورا کریںگی۔ اوسلو میں نوبل انعام وصول کرنے کی تقریب سے ایک دن قبل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملالہ یوسف زائی نے کہا کہ پاکستان جاکر خصوصاً لڑکیوں کی تعلیم کو سو فیصد کرنا، انکا خواب ہے اور وہ اس خواب کو ضرور پورا کریںگی۔ اس سوال پر آیا وہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی طرح پاکستانی سیاست میں اپنا نام پیدا کریںگی۔ ملالہ نے کہا کہ وہ مستقبل میں سیاست میں جانے کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتی۔ تاہم وہ اس بات پریقین رکھتی ہیں کہ پاکستان میں سب کے لیے تعلیم عام کی جائے اور وہ اس کام کو ضرور مکمل کریںگی۔ اس سوال پر آے کہ نوبل انعام ملنے کے بعد ان پر اپنے کام کے حوالے سے دبائو بڑھ گیا ہے؟ ملالہ یوسف زائی نے کہا کہ ان پر اپنے کام کے حوالے سے پہلے ہی بہت زیادہ دبائو موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے میں خود کو اپنے ضمیر کو جواب دہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوبل انعام ملنے کی وجہ سے ان پر دبائو بڑھا نہیں بلکہ اسمیں کمی آئی ہے، کیونکہ اب انکے ساتھ دوسرے بہت سے لوگ شامل ہوگئے ہیں۔ اب وہ اکیلی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوبل انعام نے انہیں کام کرنے کے لیے ایک امید دی ہے، ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ پاکستان کے غریب بچوں کو اسکول یونیفارم پہن کر ہاتھوں میں بستے اٹھائے اسکول جاتے ہوئے دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ انکے والد کا بھی پاکستان میں اسکول ہے۔ وہ چاہیںگی کہ انکے والد کے اسکول میں بھی غریب بچوں کو مفت تعلیم ملے۔ ملالہ نے کہا کہ اسلام نے بچوں کی تعلیم پر سب سے زیادہ توجہ دی ہے۔ خاص طور پر عورتوں کو تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کو کسی بھی معاشرے میں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ اس سوال پر آیا کہ انکی سوات کی دوست منیبیٰ کے ساتھ اب بھی انکی دوستی قائم ہے۔ ملالہ یوسف زائی نے کہا کہ وہ انکی دوست ہیں اور وہ اسکے ساتھ اسکائپ پر بات چیت کرتی رہتی ہیں۔ وہ منیبیٰ کے ساتھ پاکستان کی بریکنگ نیوز پر بھی بات کرتی ہیں۔ ملالہ نے کہا کہ اس معاشرے میں لڑکیوں کی 17/16 سال کی عمر میں شادی کرا دی جاتی ہے جسکی وجہ سے انکی تعلیم ادھوری رہ جاتی ہے تاہم منیبیٰ اپنی تعلیم مکمل کرنے کی خواہاں ہے۔ ملالہ یوسف زائی نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنا پاکستانی اور دنیا بھر کے بچوں کا حق ہے۔ وہ اس حق کے حصول کے لئے جنگ لڑتی رہیںگی۔ انہوں نے کہا کہ غریب بچے آئی پیڈز نہیں مانگتے بلکہ صرف پن اور کتاب مانگتے ہیں۔ انکو کتابیں ملنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تعلیم کے لئے کوئی ایک قدم آگے بڑھاتا ہے تو اسکے ساتھ کئی دوسرے قدم بھی آٹھ جاتے ہیں۔ ملالہ کے ساتھ نوبل انعام حاصل کرنے والے بھارتی باشندے کیلاس ستیارتھی نے کہا کہ اس وقت دنیا کے 168 ملین بچوں سے چائلڈ لیبر لی جارہی ہیں۔ جسکی وجہ یہ ہے کہ بچوں کو کم اجرت دی جاتی ہے اور ان سے زیادہ کام لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسطرح آزادی انسان کا بنیادی حق ہے اسطرح تعلیم بھی انسانوں کا بنیادی حق ہے۔ اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ انکی بیٹی ہیں اور انکے پاس طویل عمر پڑی ہے کہ وہ بچوں کی تعلیم کے لئے کام کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو چاہئے کہ وہ چیزیں بنانے والی کمپنیوں سے یہ پوچھیں کہ یہ چیزیں چائلڈ لیبر کے ذریعے تو نہیں بنائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو چائلڈ لیبر والی چیزیں خریدنے سے انکار کر دینا چاہئے۔ ملالہ یوسف زائی اور کیلاش ستیارتھی کو آج اوسلو میں ایک باوقار تقریب میں نوبل انعام دیا جائیگا ۔