ایمزٹی وی(اسلام آباد) امریکی حکام نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قابل قدر اور قابل احترام ساتھی قرا ردیتے ہوئے ان کی مستقبل کی سرگرمیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
نجی خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل راحیل شریف کے آرمی چیف کی حیثیت سے ریٹائرمنٹ سے متعلق سوال پر امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک ترجمان نے کہا کہ پاک فوج میں کسی بھی قسم کی تبدیلی ایک اندرونی معاملہ ہے اور بہتر یہی تھا کہ اس سے متعلق کوئی بیان بھی حکومت کی جانب سے ہی سامنے آتا۔ انہوں نے کہا کہ ” ہم نے چیف آف آرمی اسٹاف کی تبدیلی کی خبریں دیکھی ہیں۔ یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، اور میں آپ سے کہوں گا کہ اس سے متعلق مزید معلومات کیلئے حکومتِ پاکستان سے رابطہ کریں۔“
اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے خبر رساں ادارے کے ساتھ اسلام آباد میں واقع امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری ایک بیان کا تبادلہ بھی کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ”ہم نے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں دیکھا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف تین سال پورے ہونے پر ریٹائر ہو رہے ہیں۔“
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ”جنرل راحیل شریف تین سالوں کے دوران خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قابل قدر اور قابل احترام ساتھی تھے۔ ہم انہیں اور ان کے خاندان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔“