ھفتہ, 23 نومبر 2024


بھارت مجھے اپنے شوہر سے ملوانے کے لیے کچھ نہیں کررہا

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود تو اپنے جاسوس کلبھوشن یادیو کو بچانے کے لیے کوششیں کررہا ہے لیکن تین سال سے انہیں اپنے شوہر سے ملنے نہیں دیا گیا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں مشعال ملک نے کہا کہ بھارت سب سے زیادہ جمہوریت کا راگ الاپتا ہے لیکن انہیں اپنے شوہر سے ملوانے کے لیے کچھ نہیں کررہا۔
مشعال ملک نے کہا کہ انہیں اور ان کی بیٹی کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے نظربند کیے گئے حریت رہنما یاسین ملک سے ملے ہوئے تین برس ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر یاسین ملک کشمیر کی جدوجہد آزادی کا حصہ ہیں اور امید ظاہر کی کہ کشمیریوں کو ان کی جدوجہد کا ثمر ضرور ملے گا۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام کا آغاز بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے امریکی مصنف جان سی میکسویل کا یہ قوم دہرایا کہ ’’ایک رہنما وہ ہوتا ہے جو راہ پہچانتا ہے، اس راہ پر چلتا ہے اور دوسروں کو بھی راہ دکھاتا ہے‘‘۔
مشعال ملک نے کہا کہ جس طرح قائد اعظم نے پاکستان حاصل کیا یہ قوم ان پر صادق آتا ہے، لوگوں کو ان کی تعلیمات پر عمل اور نقش قدم پر چلنا چاہیے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ اور دہشت گرد کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کرائی تھی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment