ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی کابینہ نے دارالحکومت میں نئے تعمیر ہونے والے ائرپورٹ کا نام اسلام آباد انٹرنیشنل ائر پورٹ رکھنے کی منظوری دے دی، ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے حج پالیسی پر عمل درآمد میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے 50 فی صد کوٹے کی فوری قرعہ اندازی کی اجازت دے دی۔
وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، کابینہ نے سپریم کورٹ کے حکم پر محکمہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے نئے چیئرمین کی تقرری کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے محمد اشرف لنجار کو محکمے کے چیئرمین کا اضافی چارج دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حج پالیسی پر عمل درآمد میں تاخیر کا نوٹس لیا گیا۔
وزارت مذہبی امور کا موقف تھا کہ اس میں مختلف عدالتوں کے اسٹے آرڈرز حائل ہورہے ہیں، کابینہ ارکان کی اکثریت نے سفارش کی کہ پرائیوٹ حج کوٹہ ختم کرکے حکومت سو فی صد حج خود کرائے۔
وفاقی کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی کی اضافی پیداوار یقینی بنانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں، آئندہ موسم گرما میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔