اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جارہا ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ کابینہ کی جانب سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں مختلف افراد نام ڈالنے اور نکالنے کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں مینجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کے تقرر کی منظوری دی جائے گی جب کہ چیئرمین نجکاری کمیشن، چیئرمین پی آئی اے اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کے تقرر پر بھی بات چیت ہوگی۔
وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی اور ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے یوریا کی درآمد پر قواعد میں نرمی کا جائزہ لیا جائے گا۔ عطیے میں ملنے والی چار گاڑیوں پر ٹیکسوں کی چھوٹ کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔