اسلام آباد:نجی ٹی وی کیمرا مین واجد علی پر تشدد کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیاگیا،متاثرہ کیمرا مین کی درخواست پر نواز شریف کے تین سیکورٹی گارڈز کو نامزد کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز سابق وزیراعظم نوازشریف کے گارڈ نے نجی ٹی وی کے کیمرا مین واجد علی پر پارلیمنٹ ہاؤس کی حدود میں تشدد کیا تھا، جس پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔
ذرائع کے مطابق زیر دفعہ 506 ٹو،355 کے تحت مقدمے میں سیکیورٹی گارڈ شکور اوردیگر دو نامعلوم افراد نامزد ہیں۔
کیمرامین واجد نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ گزشہ روزپارلیمنٹ اجلاس کے لئے اپنے دفتر کی جانب سے معمول کی کوریج پر مامور تھا اورمیں نواز شریف کی واپسی کی فوٹیج بنا رہاتھا ۔
واجد نے بیان میں مزید کہا کہ نواز شریف کےچیف سیکیورٹی گارڈ کے کہنے پر دیگر دو اہلکاروں نے تشدد کیا جس کے نتیجے میں زخمی ہوکر بے ہوش ہوگیا،ساتھیوں نے اسپتال پہنچایا،سیکیورٹی عملے نے ظلم کی انتہا کردی۔