اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کردی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے عہدے کی موجودہ مدت مکمل ہونے کے بعد انہیں مزید 3 سال کیلئے آرمی چیف مقرر کر دیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق ملک اور خطے میں جاری پاک فوج کی امن کی کوششوں کے تسلسل کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے خاندان کا تعلق گکھڑ منڈی گوجرانوالہ سے ہے۔ انہوں نے کینیڈین آرمی کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج، نیول پوسٹ گریجویٹ اسکول اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پاکستان سے تعلیم حاصل کی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے انفنٹری بریگیڈ کے بریگیڈ میجر اور آرمی کی سب سے بڑی 10 ویں راولپنڈی کور کے چیف آف اسٹاف کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کانگو میں اقوام متحدہ کی امن فوج کی کمانڈ بھی سنبھال چکے ہیں۔ انہیں انتہائی پیشہ ور افسر قرار دیا جاتا ہے۔