اسلام آباد: سینیٹر فیصل جاوید نے نوجوت سنگھ سدھو سے رابطہ کرکے کرتارپور کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جو سدھو نے قبول کرلی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے کرتارپور میں دنیا کے سب سے بڑے گودوارے کے فقیدالمثال افتتاح کی تیاریاں جاری ہیں، وفاقی حکومت نے سرحد پار سے اسٹار کردار نوجوت سنگھ سدھو کو افتتاحی تقریب میں مدعو کرلیا اور اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر سینٹر فیصل جاوید نے نوجوت سنگھ سدھو سے رابطہ کرکے نوجوت سنگھ سدھو کو تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔
دوسری جانب نوجوت سنگھ سدھو نے بھجوائی جانے والی دعوت قبول کرلی ہے اور کہا ہے کہ تاریخی تقریب میں مدعو کرنے پر وزیراعظم پاکستان کا شکرگزار ہوں، 9 نومبر کی تقریب میں شرکت کی سعادت حاصل کروں گا۔
نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا ہے کہ کرتار پور کی تعمیر اور اس کے افتتاح نے سکھ مذہب کے کروڑوں پیروکاروں کو نہایت مثبت پیغام دیا ہے، دنیا بھر کے سکھ اپنے روحانی پیشواء باباگرونانک سے وابستہ مقام کی زیارت کے منتظر ہیں۔