ایمز ٹی وی(پشاور)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے دھرنے میں شرکت کے دوران قافلے پر تشدد کے خلاف وزیر اعظم کے خلاف مقدمہ درج کرانے کیلئے مشاورت شروع کر دی ۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے قانون دان سینیٹر بابر اعوان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے31اکتوبر کو پی ٹی آئی کارکنوں کو اسلام آباد آنے سے روکنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے معاملے پرجلد کیس درج کرانے کے حوالے سے مشاورت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے پرویز خٹک کی جانب سے مقدمے میں وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا جائے گا۔کے پی حکومت کی جانب سے زخمی کارکنوں کی فہرست بھی بابر اعوان کے حوالے کی گئی ہے۔
یار رہے 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے کے حوالے سے پرویزخٹک اٹک سے تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی ریلی لے کر وفاقی دارالحکومت روانہ ہوئے تھے تاہم وہاں جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر بند کیے گئے تھے، جس کے باعث ہارون آباد پل کے قریب تحریک انصاف کے کارکن اور پولیس کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی تھی۔
بعد ازاں برہان انٹر چینج پر پولیس کی جانب سے مظاہرین پر شدید شیلنگ کی گئی تھی جس پر وزیر اعلیٰ نے رات وہی گزار کر بقیہ سفر صبح کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم چیئرمین تحریک انصاف نے پرویز خٹک سے رابطہ کر کے انہیں واپس جانے کی ہدایت کی تھی۔