ایمزٹی وی(لاہور) بھارت نے پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پرواز کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا جس کے بعد طیارے کو لاہور ایئرپورٹ پر واپس اتار لیا گیا۔
پی آئی اے کی پرواز 894 پشاور سے کوالالمپور جارہی تھی کہ اس دوران دہلی کی فضائی حدود میں داخل ہونے پر بھارتی فضائی ٹریفک کنٹرول کے حکام نے پرواز کو واپس جانے کا کہا جس پر پائلٹ کی جانب سے وجہ جاننے پر کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔
نمائندہ کے مطابق پشاور سے روانہ ہونے والی پی آئی اے کی یہ پرواز معمول کے مطابق بھارتی فضائی حدود استعمال کرتی ہے تاہم بغیر کسی وجہ کے اس بار پرواز کو روک دیا گیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے واقعہ پر بھارتی ایوی ایشن اتھارٹی سے ہاٹ لائن پر رابطہ کیا گیا جس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا
جب کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت فضائی حدود کے کسی بھی مسئلے پر پہلے سے آگاہ کیا جاتا ہے جس کے بعد پرواز دوسرا راستہ اختیارکرتی ہے تاہم بھارت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی آگاہی فراہم نہیں کی گئی ہے۔ بھارت کی جانب سے فضائی حدود استعمال کرنے سے روکنے پر پرواز کو بحفاظت لاہور ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ایوی ایشن حکام سے بات چیت کے بعد پاکستانی پرواز کو بھارتی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی جس کے بعد پراز کو روانہ کردیا گیا ہے