لاہور: مطالبات کے حق میں کسان اتحاد ریلی دھرنا دینے کے لیے لاہور پہنچ گئی ہےمیڈیا زرائع کے مطابق کسان اتحاد ریلی گزشتہ رات 12 بجے پولیس کی طرف سے تمام رکاوٹیں ہٹاکر ٹھوکر نیاز بیگ چوک پہنچی۔ کسانوں کے مطالبات ہیں کہ یوریا کھاد کے پرانے نرخ بحال کیے جائیں اور گنے کی قیمت میں اضافہ کیا جائے، کسانوں کو بجلی آدھی قیمت پر دی جائے، نئے ٹیکسز ختم کئے جائیں اور شوگر ملز فوری چلا کر پانی بھی برابری کی سطح پر تقسیم کیا جائے۔ کسانوں کا کہنا ہے مطالبات پورے ہونے تک واپس نہیں جائیں گے۔
کسانوں کا کہنا ہے کہ حکومت شوگر ملز فوری چلوائے اور کسانوں کو ان کے بقایا جات ادا کئے جائیں۔ کھادیں، بیج اور ادویات سستی کی جائیں، تمام فصلوں کے ریٹ کاشت سے پہلے مقرر کیے جائیں، بورے والا میں کسانوں پر پتھراؤ کرنے والے واپڈا اہلکاروں کو ضلع بدر کیا جائے اور واپڈا کے ناجائز بقایا جات اور اووربلنگ ختم کی جائے۔
مظاہرین کا کہنا ہے وہ پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے، پاکستان کسان اتحاد کے چیئرمین چوہدری انور کی قیادت میں مظاہرین مال روڈ کا رخ کریں گے۔ دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری اور کنٹینرز سڑکوں پر موجود ہیں تاکہ کسانوں کو مال روڈ جانے سے روکا جائے۔
کسان اتحاد کے احتجاج میں ملتان، وہاڑی، بہاولپور، رحیم یارخان، راجن پور، ڈی جی خان، بہاولنگر، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، فیصل آباد اور ساہیوال سے قافلے شامل ہیں۔