جمعہ, 22 نومبر 2024


کوئی بچہ انسدادپولیوویکسینیشن سےمحروم نہ رہے

لاہور میں پولیو کا کیس سامنے آنے کے بعد وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت انسداد پولیو سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں انہیں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ متاثرہ بچےکو معمول کی مہم کے دوران انسداد پولیو کے قطرے پلائے گئے تھے لیکن بچے کو انسداد پولیو کی زیرو ڈوز نہیں دی گئی۔

بریفنگ کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیو کیس کو انتہائی تشویشناک امر قرار دیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ انسداد پولیو کے قطرے 10 برس تک کے بچوں کو پلائے جائیں گے جب کہ متعلقہ محکموں اور اداروں کو انسداد پولیو کے لیے مربوط اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
انہوں نے حکم دیا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں ہر بچے کی انسداد پولیو ویکسینیشن کو یقینی بنائیں تاکہ کوئی بچہ انسداد پولیو ویکسینیشن سے محروم نہ رہے۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف اجلاس کر کے باتوں سے کام نہیں چلے گا بلکہ لاہور کے داخلی و خارجی راستوں، بس اڈوں، اسٹیشنز پر ویکسینیشن کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ انسداد پولیو کے لیے کیے جانے والے اقدمات میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس دوران انہوں نے آؤٹ فال روڈ پر سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کا بھی فیصلہ کیا اور ہدایت دی کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں جب کہ واسا کا سب ڈویژن آفس جلد آؤٹ فال روڈ پر قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گِل کہتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پولیو مہم کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں پیر کو صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment