جمعہ, 22 نومبر 2024


کرونا وائرس سے متاثرہ حلقوں کے لیے معاشی پیکج کا اعلان

 
 
 
 
لاہور: پنجاب حکومت نے کرونا وائرس سے متاثرہ حلقوں کے لیے معاشی پیکج کا اعلان کردیا، 25 لاکھ خاندانوں کے لیے 10 ارب روپے کا پیکج متعارف اور کرونا وائرس سے متاثرہ ڈیلی ویجرز کو ماہانہ 4 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔
 
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کے معاشی پیکج سے مزدور طبقے کو حقیقی ریلیف ملے گا، کرونا سے نمٹنے اور غریب طبقے کو ریلیف دینے کے لیے پیٹ کاٹ کر وسائل دیں گے، زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔
 
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس نے دیہاڑی دار طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے، ہماری حکومت نے عام آدمی اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی۔ کرونا وائرس کے باعث مزدور طبقے کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔
 
 
انہوں نے کہا کہ حکومت قومی ذمہ داری اپنا فرض سمجھ کر ادا کرے گی۔
 
دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے کرونا سے متاثرہ حلقوں کے لیے معاشی پیکج کا اعلان کردیا، بزدار حکومت نے 18 ارب کے ٹیکسز معاف کر دیے ہیں۔ بزدار حکومت معاشی صورتحال پر مناسب اقدامات کر رہی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ 25 لاکھ خاندانوں کے لیے 10 ارب روپے کا پیکج متعارف کروایا گیا ہے، کرونا سے متاثرہ ڈیلی ویجرز کو ماہانہ 4 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔
 
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز، نرسز و دیگر اسٹاف کو تنخواہ کے برابر الاؤنس ملے گا، کرونا سے جاں بحق پروفیشنلز کے لیے شہدا پیکج کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ بزدار حکومت عوام کی تکالیف کے ازالے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
 
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عوام کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment