ایمزٹی وی:(ملتان) ملتان کے علاقے ممتاز آباد میں جی ٹی سی کے طالب علموں نے مبینہ طور پر چائے مفت نہ دینے پر ہوٹل کے مالک محمد نعیم کو بہانے سے بلا کر پہلے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر پٹرول چھڑک کر اسے آگ لگادی۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے محمد نعیم کو فوری طور پر نشتر اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق اس کا 70 فیصد جسم جھلس چکا ہے اور اس کے بچنے کے امکانات بہت کم ہیں تاہم متاثرہ شخص کو بچانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔
محمد نعیم کا کہنا ہے کہ جی ٹی سی کالج کے طالب علم معاویہ اور معین مفت چائے کا مطالبہ کرتے تھے لیکن میں نے انہیں انکار کر دیا تھا جس پر انہیں غصہ تھا، دونوں طالب علم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمرا آئے اور مجھے اٹھا کر لے گئے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے 3 طالب علموں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جب کہ دیگر کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔