ایمز ٹی وی(راولپنڈی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ دشمن دہشت گردی سے ہمارے ملک کوعدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں لیکن ہمیں قومی مقاصد کے حصول کے لیے ہر صورت دہشت گردوں کا صفایا کرنا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پیشہ وارانہ امور اور سیکیورٹی صورتحال پر اظہار خیال کیا جب کہ شرکا کو انٹیلی جنس آپریشنز کی تفصیلات بھی بتائیں
ترجمان پاک فوج کے مطابق اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب میں پاکستانی قوم دنیا کی سب سے زیادہ سخت جان قوم بن کر ابھری جب کہ اندرون وبیرون ملک موجود شکست خوردہ دہشت گرد بے چینی کا شکارہیں اور آسان اہداف کونشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن دہشت گردی سے ہمارے ملک کوعدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم دشمن کےعزائم ناکام بنانے کے لیے پوری طرح متحد، پرعزم اور تیار ہیں، ہمیں بحیثیت قوم قومی مقاصد کے حصول کے لیے ہر صورت دہشت گردوں کا صفایا کرنا ہے
پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ جنگیں لڑنے کا طریقہ کار تیزی سے بدل رہا ہے، پاکستان دوسرے ممالک کے خلاف پراکسی کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے جب کہ کسی بھی ملک کو اپنے خلاف پراکسی کے استعمال کی اجازات نہیں دیں گے
دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے برطانوی ہائی كمشنر تھامس ڈریو نے جی ایچ کیو میں ملاقات كی جس میں باہمی دلچسپی كے امور سمیت علاقائی سلامتی اور خطے كی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال كیا گیا۔