ایمزٹی وی(کراچی)ایم کیو ایم لندن کے اراکین کی پریس کانفرنس ختم ہونے کے بعد پولیس اور رینجرز کی نفری کراچی پریس کلب کے باہر پہنچ گئی ہے جبکہ ایم کیو ایم کارکنان کی بڑی تعداد بھی وہاں پہنچ گئی ہے اور نعرے بازی شروع کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ 22 اگست کے واقعہ سے متعلق درج مقدمات میں نامزد افراد کو پریس کلب کے باہر سے ہی گرفتار کیا جائے گا تاہم جو افراد مطلوب نہیں ان کو تحویل میں لینے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 22 اگست واقعہ کے تفتیشی افسر بھی پریس کلب کے باہر موجود ہیں اور پریس کلب کے دروازے بھی بند کر دئیے گئے ہیں جبکہ نامزد افراد کی گرفتاری کیلئے رینجرز اور پولیس مل کر کارروائی کرے گی۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم لندن کی پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوال پر ایم کیو ایم کارکن نے بدتمیزی کی جس پر صحافیوں نے احتجاج کیا تو اسے بھی پریس کلب کی عمارت سے باہر نکال دیا گیا۔ اس وقت کارکنان کی بڑی تعداد پریس کلب کے باہر موجود ہے اور نعرے بازی کر رہی ہے جبکہ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری بھی وہاں پہنچ چکی ہے۔