ھفتہ, 21 ستمبر 2024


صفائی کے دعوے دھرے کے دھرے

 

ایمز ٹی وی(راولپنڈی ) کینٹ کی سول آبادیوں میں صفائی کی صورتحال بہتر نہیں ہو سکی ہے ،نالیاں گندگی سے اٹی پڑی ہیں جبکہ کینٹ ایریاز میں نالوں کی صفائی بھی نہیں ہو سکی ہے ، صفائی کا عملہ وی آئی پی ایریاز اور مین شاہراہوں پر صفائی کرنے میں مصروف عمل نظر آتا ہے جبکہ سول آبادیوں جہاں سے زیادہ تر ٹیکس وصول کیا جاتا ہے وہاں یہ عملہ کم ہی نظر آتا ہے ، مغل آباد پارک کے ساتھ ڈمپنگ پوائنٹس پر جمع کوڑے کا ڈھیر ماحول کو پراگندہ کر رہا ہے ، رہائشی آبادیوں کے اندر قائم بھینسوں کے باڑوں نے بھی یہاں کے مکینوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ، بدبو اور تعفن کے باعث ایسی آبادیوں میں رہنا مشکل ہو چکا ہے ، رحیم آباد ، مریڑ حسن ، ڈھوک چراغدین، قاضی آباد ، ڈھوک چوہدریاں ، ٹاہلی موہری ، پیپلز کالونی میں کھلے غیرقانونی بھینسوں کے باڑوں کی وجہ سے سیوریج کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں ، گوالے بھینسوں کا گوبر نالیوں میں بہادیتے ہیں جس کی وجہ سے جہاں سیوریج کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں وہاں تعفن پھیلا رہتا ہے ، پیپلز کالونی کے خالی پلاٹوں میں کوڑے کے ڈھیر لگے رہتے ہیں ، رحیم آباد کی مین نالے والی گلی گندگی سے بھری ہوئی ہے جبکہ اس آبادی کے گرد سے گزرنے والے نالوں کی بھی صفائی نہیں کی گئی ہے ، ٹاہلی موہری پرانی آبادی سے گزرنے والے نالوں کی بھی صفائی نہیں کی گئی ہے جبکہ نالیوں کی صفائی نہ ہونے سے نالیاں گندگی سے بھری ہوئی ہیں ، جھنڈا چیچی کے دونوں ڈمپنگ پوائنٹس پر کوڑا جمع رہتا ہے۔ ،شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی کے دعوے تو بہت کئے جاتے ہیں مگر عملاً موقع پر صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment