ایمز ٹی وی(کراچی) اين اے 246 میں انتخابی مہم ختم ہوگئی، حلقے کے 213 پولنگ اسٹیشنز پر کل ووٹ ڈالے جائیں گے، الیکشن کمیشن نے اپنی تيارياں مکمل کر لی ہیں، پریذائیڈنگ افسران کو انتخابی میٹریل کی فراہمی اور پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز کی تعیناتی کا عمل جاری ہے۔پاکستانی تاريخ ميں پہلی بار انتخابات کیلئے پولنگ اسٹيشنز کے اندر اور باہر خفيہ کيمرے نصب کئے گئے ہیں، پولنگ ميٹريل پر رينجرز کا پہرہ ہے، این اے 246 کا سلطان بننے کیلئے ایم کیو ایم، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی نے بھرپور انتخابی مہم چلائی۔
پولنگ اسٹیشنز پر 7 ہزار 300 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، سیکیورٹی پلان کے مطابق ہر پولنگ اسٹیشن پر 16 باہر اور 12 پولیس اہلکار اندر ڈیوٹی دیں گے، اس کے علاوہ رینجرز اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔ڈپٹی کمشنر سینٹرل کے دفتر میں پولنگ اسٹاف کے شناختی کارڈ بناکر دے دیئے گئے ہیں، انتخابی سامان بھی ڈی سی سینٹرل آفس کے ذریعے پریذائیڈنگ افسران کے سپرد کیا جارہا ہے، تمام حساس پولنگ میٹریل کو سیل کردیا گیا جس کی حفاظت کیلئے رینجرز تعینات ہے۔ووٹ ڈالنے کيلئے اصل شناختی کارڈ لانا ہوگا، پولنگ کے دوران موبائل فون کے استعمال پر پابندی ہوگی، کے اليکٹرک نے لوڈشيڈنگ نہ کرنے کی يقين دہانی کرادی ہے