ایمز ٹی وی (کراچی) سربراہ پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ کراچی سے کشمور تک جتنے بچے حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے پسماندہ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ان کے لیے امید کی کرن صرف پاک سرزمین پارٹی ہے۔
پی ایس پی سندھ کے مظلوم عوام کی آواز بنے گی جو اپنے مسائل تلے دب کر اپنے لیے آواز نہیں اٹھا سکتے۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال اور صدر انیس قائم خانی دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ سندھ کے مختلف علاقوں کے دورے پر روانہ ہوگئے۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ جدوجہد کا مقصد سندھ کی عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا اور ان کے بنیادی حقوق عزت، انصاف اور اختیار کے ساتھ دلانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سندھ کے دورے کے دوران مختلف ڈسٹرکٹس میں جائیں گے جن میں پاک سر زمین پارٹی کا سیٹ اپ پہلے سے موجود ہے اور وہاں تنظیمی امور کا جائزہ لیں گے۔ کراچی سے روانہ ہونے کے بعد مصطفیٰ کمال کا قائد آباد اسٹیل ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔