ایمزٹی وی(کراچی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کراچی کے بعد انتخابی مہم کے لیے اندرونی سندھ روانہ ہوگئے۔
بلاول بھٹو زرداری اندرون سندھ کے دورے کے موقع پر ٹھٹھہ، سجاول، گولارچی، بدین ،تلہار، ماتلی، ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی اندرون سندھ دورے کے لئے بلاول ہاؤس سے قائدآباد پہنچے تو ان کا وہاں والہانہ استقبال کیا گیا،کارکنان نے ان کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
اس موقع پر مختصر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارا آپ کا رشتہ نسلوں پرانا ہے، پیپلز پارٹی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، گزشتہ روز لیاری میں پرتپاک استقبال مخالفین کو پسند نہیں اور انہوں نے سازش کے تحت ہم پر پتھراؤ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کراچی اور ٹھٹھہ کے سنگم پر واقع گھگھر پھاٹک پہنچیں گے جہاں ان کا استقبال کیا جائے گا، ریلی دھابیجی، گھارو سے ہوتی ہوئی ٹھٹھہ پہنچے گی جہاں وہ پریس کلب کے سامنے کارکنوں سے خطاب کریں گے ۔
بلاول بھٹو زرداری ضلع سجاول کے لیے روانہ ہوجائیں گے جہاں شہر میں داخلے پر ان کے قافلے کا استقبال کیا جائے گا اور وہاں وہ کارکنان سے خطاب کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی سجاول کے بعد گولارچی اور پھر بدین سے ماتلی پہنچیں گے جس کے بعد ان کا اگلا مقام ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد ہوگا جہاں وہ کارکنان سے خطاب کریں گے۔