کراچی: دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا9واں جلسہ تقسیم اسنادمنعقدکیا گیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ 2013ء سے پہلے یہاں باقاعدہ کلاسز کا انعقاد ہی مشکل تھا ہم 9سال کے عرصے میں نظم و ضبط ، قواعد اور بہترین ماحول کے ایسے اقدامات کئے ہیں کہ اب طالبات کی بڑی تعداد یہاں سے انجینئرز بن رہی ہے بلکہ ٹاپ پوزیشن بھی حاصل کررہی ہے ۔ داؤد یونیورسٹی کے بہترین ماحول اور قابل دید اقدامات اور انتھک کاوشوں کے پیچھے میری قابل ٹیم ، فیکلٹی و ملازمین ہیں ۔
جلسہ تقسیم اسناد کی صدارت یونیورسٹی کے چانسلر اور گورنر سندھ جناب عمران اسماعیل نے کی جبکہ سینیٹر تاج حیدر ، یو ایس ایڈ کی ڈپٹی ڈائریکٹر برائے پاکستان ڈاکٹر ثمرین حسین ، ارکان سینیٹ اور سینڈیکٹ بھی موجود تھے۔
داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں شعبہ انجینئرنگ کے اٹھارویں اور شعبہ آرکٹیکٹ کےسترہویں بیچزکے 390؍ طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیںاور امتیازی نمبر حاصل کرنیوالوں کو گولڈ اور سلور کے تمغے دیئے گئے۔جبکہ جلسہ تقسیم اسناد میں داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں ایم ایس پروگرام کے 52طلبہ و طالبات کو بھی ڈگریاں دی گئیں ۔