جمعہ, 22 نومبر 2024


12انڈونیشی اسکالرزکی تحقیقی تربیت کےلئے بین الاقوامی مرکزآمد

کراچی: انڈونیشیاء کی یونیورسٹی آف سمیترا اُتاراکے 12 اسکالرتحقیقی تربیت کےلئے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی پہنچ گئے ہیں۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق انڈونیشین یونیورسٹی کے اسکالر دراصل انڈونیشی نوجوان سائنسدانوں کے لئے متعین شدہ آئی سی سی بی ایس اور کامسٹیک اسکالرشپ پروگرام کے تحت تحقیقی تربیت کی تکمیل تک آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں قیام کریں گے، اس دوران وہ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی),جامعہ کراچی اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی میں کیمیاء اور مالیکولر میڈیسن کے مختلف شعبوں میں تحقیقی تربیت حاصل کریں گے۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے انڈونیشی اسکالرز کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کا شمارترقی پذیر دنیا کے بہترین حیاتیاتی اور کیمیائی علوم کے اداروں میں ہوتا ہے، بین الاقوامی مرکز اپنی نوعیت کا واحد پاکستانی تحقیقی ادارہ ہے جونہ صرف آئی ایس او سے سند یافتہ ہے بلکہ "یونیسکوسینٹر فار ایکسلینس کیٹیگری 2 انسٹی ٹیوٹ" کے منصب پر بھی فائز ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس جوائینٹ وینچر سے دوبرادر ممالک میں سائینس اور ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا، اس سے مستقبل کے نئے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کا موقع بھی حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا یہ پروگرام انڈونیشی نوجوان سائینسدانوں کی تحقیقی تربیت کا بہترین وسیلہ ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment