اتوار, 24 نومبر 2024


جامعہ این ای ڈی کےشعبہ سافٹ ویئرانجینئرنگ اورمحکمہ جنگلی حیات کےمابین مفاہمتی یادداشت پردستخط

کراچی: جامعہ این ای ڈی کے شعبہ سافٹ ویئر انجینئرنگ اور محکمہ جنگلی حیات (سندھ) کے مابین تحفظ جنگلی حیات صوبہ سندھ پالیسی 2022 کے اہداف کی تکمیل کے تناظر میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے،

جس کے تحت تحفظ جنگلی حیات کے شعبہ میں ٹیکنالوجی اور ریسرچ کو فروغ دیا جائے گا۔ اس موقعے پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ جنگلی حیات و انسداد رشوت ستانی، بنگل خان مہر کا کہنا تھا کہ وائلڈ لائف ایکوسسٹم کا ایک اہم جُز ہے اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تحفظ جنگلی حیات کے شعبے میں قانون سازی کے عمل کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے اور مضبوط کرنے کے علاوہ بیالوجیکل سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر این ڈی یونی ورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل کا کہنا تھا کہ حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور تحفظ جنگلی حیات کے لیے ہر شہری بالخصوص نوجوان طالب علموں کو موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے جوکہ آبادی کا ساٹھ فی صد ہیں. سیکریٹری جنگلات و جنگلی حیات صوبہ سندھ ڈاکٹر بدر جمیل کا کہنا تھا کہ دور حاضر میں جنگلی حیات اور اسکے مسکن کو چیلنجز کا سامنا ہے۔ کنزرویٹر جاوید مہر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں تعلیمی ادارے اس شعبہ میں حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں لیکن پاکستان میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا موقعہ ہے جب جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے کسی جامعہ کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی. مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے سے قبل چیئرپرسن سافٹ ویئر انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر شہہ نیلہ زرداری کا کہنا تھا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیٹا سائنس، ڈی این اے سیکوینسنگ، سیٹلائٹ ٹریکنگ اور دیگر ٹیکنالوجی کے استعمال سے حیاتیاتی تنوع اور قدرتی ماحول کو سمجھنے اور تحفظ میں مدد حاصل ہوگی.

جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق اس مفاہمتی یاداشت کی تقریب میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، ڈین انفارمیشن سائنس اینڈ ہیومینیٹیز پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد، رجسٹرار این ای ڈی یونیورسٹی سید غضنفر حسین، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف سافٹ ویئر انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر شہ نیلا زرداری اور سندھ حکومت کے عہدے داروں میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ جنگلی حیات و انسداد رشوت ستانی، حکومت سندھ کے سیکریٹری جنگلات و تحفظِ جنگلی حیات ڈاکٹر بدر جمیل، چیف کنزرویٹر سندھ وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ جاوید مہر، سیکشن آفیسر سندھ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ سالک نوید نے
شرکت کی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment