ایمز ٹی وی(کراچی) 47 ویں انٹر نیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ میں پاکستانی طالب علموں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 کانسی کے تمغے حاصل کرلیے۔ 47 واں اولمپیاڈ 2015 آذربائجان کے شہر باکو میں منعقد ہوا جس میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ڈیرہ غازی خان کے طالب علم عبداللہ الطاف اور سٹی اسکول لاہور کے سید فیضان حیدر زیدی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 کانسی کے تمغوں کی فتح کو یقینی بنایا جبکہ دیگردو طالبعلوں حنا بتول اور فواد مسعود دیسمک نے بھی مقابلوں میں شرکت کی۔ یہ بات این سی ٹی سیNCTC National Chemistry Talent Contest) کے کوآرڈینیٹرپروفیسرڈاکٹر خالد محمد خان نے ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔ واضح رہے کہ این سی ٹی سی کے کوآرڈینیٹر اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمد خان اورایچ ای جے انسٹیٹیوٹ کے ڈاکٹر محمد رضا شاہ کی زیر قیادت پاکستانی طالب علموں نے ان مقابلوں میں شرکت کی تھی۔ ڈاکٹر خالد خان نے کہا کہ علم کیمیاء کے ان مقابلوں میں75 ممالک سے تقریباً300 کیمیاء کے طالب علموں نے شرکت کی جبکہ 2 پاکستانی طلبہ نے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ انھوں نے کہا علم کیمیاء کے مقابلوں میں پاکستانی نوجوان اسکالرز کی شرکت ا علیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کے تعاون سے ممکن ہوتی ہے، انھوں نے کہا ان طالبعلموں کی تربیت بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے تحقیقی ادارے ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری میں کی گئی تھی، انھوں نے کہا اس مقابلے کی تیاری کے حوالے سے کیمیاء کے موضوع پر قومی سطح پر مقابلوں کا انعقادکیا گیا جس میں تقریبا 1000 طالبعلموں نے شرکت کی تھی اس میں سے51 طالبعلموں منتخب ہوئے، ان منتخب طالبعلموں میں سے مختلف اوقات میں امتحانات و مقابلوں کے بعد صرف 4 طالبعلموں کو منتخب کیا گیا جنہوں نے اس سال47 ویں اولمپیاڈ باکو میں شرکت کی، انھوں نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سرپرستِ اعلی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن اور سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اس سفر میں ہماری ہر قدم پر رہنمائی کی ہے، یہ بڑی کامیابی ان صاحبان کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔ واضح رہئے کہ پاکستان کو انٹرنیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ کی مکمل ممبر شپ 2005 تائیوان میں حاصل ہو ئی تھی۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر، پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن اور پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے ڈاکٹر خالد محمد خان ،ڈاکٹر محمد رضا شاہ اور کامیاب طالب علموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس کامیابی کو ملک کو قوم کے لئے اعزاز قرار دیا ہے۔