جمعہ, 22 نومبر 2024


ایس ایم آئی یواورعلمایونیورسٹی کی جانب سے معاہدے پردستخط

کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی اور علما یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منصور الظفر داؤد نے ایس ایم آئی یو کی کانفرنس روم میں منعقدہ تقریب میں ایم او یو پر دستخط کیے۔

دونوں وائس چانسلرز نے تعلیم اور تربیت کے متعدد شعبوں میں مشترکہ طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا جس میں مشترکہ قومی اور بین الاقوامی کانفرنسوں کا انعقاد، فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلے اور طلبہ کے لیے مشترکہ مختصر کورسز شروع کرنا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورس کے شرکاء کو دونوں یونیورسٹیزکے دستخطوں کے ساتھ ایک سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔

ڈاکٹر مجیب صحرائی نے ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر کے تعلیمی اداروں میں موجود خلا کو پر کرنا ہے۔ ڈاکٹر صحرائی نے کہا کہ ہم تنہائی میں کام نہیں کر سکتے، لیکن ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر کے اچھے نتائج پیدا کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر صحرائی نے کہا کہ یہ نوجوان نسل کے فائدے کے لیے سرکاری اور نجی وسائل کو مشترکہ طور پر استعمال کرنے کا وقت ہے۔ ان کا خیال تھا کہ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ ایم او یوز اصل مقصد کی تکمیل نہیں کرتے بلکہ ایک رسمی سرگرمی بن چکے ہیں، اب ہمیں متفقہ نکات پر عمل کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر مجیب صحرائی نے مشورہ دیا کہ ہمیں اپنے مشترکہ کام کا آغاز نچلی سطح سے کرنا چاہیے اور چھوٹے کاموں کو پہلے کرنا چاہیے، پھر بڑے منصوبوں کی طرف جانا چاہیے۔علما یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منصورالظفر داؤد نے کہا کہ ہم مقابلہ پر نہیں تعاون پر یقین رکھتے ہیں، اس لیے دونوں یونیورسٹیوں کے طلباء اور فیکلٹی کے فائدے کے لیے ہمارا تعاون ضروری ہے۔

انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ڈاکٹر مجیب صحرائی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دو انتہائی اہم یونیورسٹیوں کے درمیان یہ معاہدہ ان کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے جس کا فائدہ بالآخر دونوں یونیورسٹیز کو ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی تجویز کیا کہ ہم ایک سال میں تعاون کے لیے کیلنڈر تیار کریں گے۔

ڈاکٹر عامر اقبال عمرانی، ڈائریکٹر اورک ایس ایم آئی یو اور فواد محمود بٹ، ڈائریکٹر کیو ای سی اینڈ لائیزن الما یونیورسٹی نے بھی باہمی تعاون کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔تقریب میں ڈاکٹر عبدالحفیظ خان، ڈاکٹر زاہد علی چنڑ، ڈاکٹر جمشید ہالیپوٹو، ڈاکٹر آفتاب احمد شیخ، عظمیٰ بتول اور ساجدہ قریشی سمیت ایس ایم آئی یو اور علما یونیورسٹی کے ڈینز اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment