ھفتہ, 27 اپریل 2024


داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں ’ہفتہ طلباء‘ کا رنگارنگ اختتام

کراچی: دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (تمغہ امتیاز) کے ویژن اور خصوصی احکامات کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام اور طلباء کی تمام سوسائٹیز کے تعاون سے جامعہ میں پہلی بار اسٹوڈنٹس ویک (ہفتہ طلباء) منایا گیا۔

گزشتہ روز ہونے والی اختتامی تقریب میں بہترین میوزیکل کانسرٹ کا انعقاد کیا گیا میوزیکل کنسرٹ کے بعد شاندار آتش بازی کا مظاہرہ ہوا ، ہفتہ طلباء میں شرکت کرنے والے طلباء کے اعزاز میں’گالا ڈنر‘ رکھا گیا جس کے بعد قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نے کہا کہ طلباء کی انرجی کو مثبت انداز میں استعمال کرنے کیلئے پہلی بار ہفتہ طلباء کو انعقاد کیا گیا ، امید کرتی ہوں کہ جس موثر انداز سے طلباء نے تمام سرگرمیوں میں حصہ لیا اسی طرح کلاسز کے آغاز اور امتحانات میں بھی مقابلے کی فضاء قائم کریں گے ۔ وائس چانسلر نے طلباء کی رائے کی بنیاد پر بہترین کارکردگی دکھانے والی اسٹوڈنٹ سوسائٹی کو کیش پرائز بھی دیا۔

قبل ازیں ہفتہ طلباء کے پانچویں روز رسول اللہ ﷺ کی شان میں نعت خوانی کا مقابلہ منعقد کیا جس میں طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، نعت خوانی کے مقابلے سے یونیورسٹی میں روح پروز منظر بندھ گیا جبکہ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نے خصوصی دعا پڑھی ۔

بعد ازاں تقریری اور بیت بازی کے مقابلےکے ساتھ ساتھ اوپن مائیک ایونٹ کا انعقاد بھی کیا گیا، داؤد انجینئر یونیورسٹی میں ڈائریکٹر امور طلباء انجینئر صدام علی کھچی کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر کے احکام کی روشنی میں ہفتہ طلباء کے دوران یونیورسٹی میں اکیڈمک سرگرمیاں معطل رہیں ۔

قبل ازیں ہفتہ طلباء کے پہلے روز افتتاحی تقریب کے بعد اسٹینڈ اپ کامیڈی ، پرائز پویلین ، ڈانس ، اوپن مائیک ، اسٹیج ڈرامہ ، گیت ، شعر و شعاری کے مقابلوں میں طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔
دوسرے روز کلچرل شو منعقد ہوا ، داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں تمام قومیتوں کے طلباء زیر تعلیم ہیں جہاں تمام ثقافتوں کے رنگ نکھرتے ہیں ، ایونٹ میں سندھ ، پنجابی ، پشتون ، بلوچی ، گلگت بلتستانی اور کشمیری ثقافتوں کے رقص پیش کئے گئے اور طلبہ و طالبات نے بھرپور حصہ لیا۔ شعبہ فن تعمیر میں آرٹ نمائش اور مقابلے منعقد ہوئے جہاں طلباء نے اپنی فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے معروف شخصیات اور مشہور جگہوں کے خاکے بنائے اور رنگ برنگی پینٹنگز بھی بنائیں، بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء میںانعامات تقسیم کئے گئے۔

ایونٹ کا تیسرا دن اسپورٹس سرگرمیوں کے نام رہا جس میں والی بال، بیٹ منٹن ، شطرنج ، لوڈو ، ٹیبل ٹینس ، رسہ کشی اور کمپیوٹر گیمز کے مقابلے ہوئے جبکہ آڈیٹوریم میں فلم بھی دکھائی گئی۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نے تمام اسپورٹس مقابلے دیکھے اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی ۔ ہفتہ طلباء کے چوتھے روز کارنیول ڈے منایا گیا ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment