اتوار, 28 اپریل 2024


بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح کا 139 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

ایمز ٹی وی (کراچی) بابائے قوم محمدعلی جناح کا 139 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے، اس موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد قائد اعظم محمد علی جناح اور پاکستان کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر ملک بھر میں تقاریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

بانی پاکستان کے یوم ولادت پر مرکزی تقریب مزارقائد پر ہوئی جہاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ صدر ممنون حسین، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

وزیراعظم نوازشریف نے قائداعظم محمدعلی کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی کی تحریک میں قائداعظم کی شخصیت روشنی کے بلند مینارکی حیثیت رکھتی ہے، قائداعظم کی پُرعزم قیادت نے برصغیرکے مسلمانوں کوایک لڑی میں پرو دیا، ہمیں قائداعظم کی اتحاد،ایمان اورنظم وضبط کی تلقین کو دوبارہ تازہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بابائےقوم کو یاد کرنےکا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان کےکردارسے رہنمائی لیتے رہیں جب کہ قوم کو قائداعظم کے بتائے ہوئے مقصد کے لیے متحد ہونا پڑے گا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment