جمعہ, 22 نومبر 2024


جامعہ کراچی کے طلبہ کے لیے پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز

ایمز ٹی وی (کراچی)جامعہ کراچی میں اعلیٰ تعلیمی کمیشن حکومت پاکستان اور برٹش کونسل کے تعاون سے جامعہ کے طلبہ کے لیے ایک پانچ روزہ تربیتی پروگرام ـــ" سٹیزنز ایجوکیشن اینڈ کمیونٹی انگیجمنٹ ـ" شروع کیا گیا جس میں جامعہ کراچی کے مختلف کلیات سے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔پروگرام کے آغاز کے موقع پر جامعہ کراچی کے ڈین کلیہ نظمیات و انتظامی اموراور رکن سنڈیکیٹ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے تربیتی پروگرام کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے شہریت کی تربیت کی اہمیت اور معاشرے میں اس تربیت اور شعور کی افادیت سے آگاہ کیا اور اس قوی امید کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کے عملی پروگراموں کی مدد سے طلبہ و طالبات کو بہترین اور ذمہ دار شہر ی بنانے میں بہت معاونت مل سکتی ہے جس سے معاشرے کے پیچیدہ ماحول کو سہل بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں کے سلسلے میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کی مسلسل سرپرستی اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرو ں کو پُر امن اور منظم طورپر زندہ رہنے کے لیے باعمل اور با شعور شہریوں کی ضرورت ہوتی ہے۔پہلے روز کے مختلف پروگراموں میں شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن سے آنسہ حورالعین اور آنسہ صائمہ ملک نے طلبہ و طالبات کی رہنمائی کرتے ہوئے انھیں کئی دلچسپ سرگرمیوںمیں مصروف رکھا۔ طلبہ و طالبات نے نئے اور دلچسپی سے بھرپور طریقۂ تربیت پر مسرت کا اظہار کیا ۔یاد رہے کہ یہ تربیتی پروگرام جامعہ کراچی اور برٹش کونسل کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت کے تحت شروع کیا گیا ہے اور امید ہے کہ اس سے طلبہ و طالبات کومعاشرے کی بہتری کے سلسلے میں بہت مفید معلومات اور محرکات حاصل ہوں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment