ایمزٹی وی (کھیل) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کھیل کے تینوں فارمیٹس میں سرفراز کی کارکردگی عمدہ رہی، وہ اپنے خول سے باہر نکلتے ہوئے قدرتی کھیل پیش کرنے کی کوشش کررہا ہے، وہ ایک اسٹروک میکر ہے اور اپنے شاٹس تب ہی کھیل سکتا ہے جب اس کو آزادی مل جائے، یا دباؤ بہت کم ہو، میرے خیال میں ان دونوں صورتوں میں ہر کوئی زیادہ بہتر کھیل پیش کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سرفراز کو اپنا قدرتی کھیل پیش کرنے کا بھرپور موقع فراہم کیا، وہ پاکستان کے لئے اچھا ثابت ہوا، اسے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنا چاہیئے۔
وقار یونس نے کہا کہ احمد شہزاد نے بھی گذشتہ کئی سیریز میں اچھا پرفارم کیا لیکن بدقسمتی سے کیویز کیخلاف ٹیسٹ میں اس کے سرپر گیند لگ گئی، وہ ہمارے بہترین اوپنرز میں سے ایک ہے، ہم اسے نظرانداز نہیں کرسکتے، خاص ون ڈے میں اس کی اہمیت اپنی جگہ ہے، انھوں نے کہا کہ اگر سرفراز بطور بیٹسمین اپنا کردار نبھانا جاری رکھتا ہے تو اس سے پاکستان کرکٹ کو بہت فائدہ پہنچے گا، ہمارے لیے ایسا وکٹ کیپراچھا ہے جو بیٹنگ میں بھی معاون ثابت ہو، کوچ نے مزید کہا کہ وہاب ریاض اور عمر گل کی موجودگی سے ہمیں بولنگ کے شعبے میں بھی مزید آپشنز میسر آگئے۔