ایمز ٹی وی (کھیل) ٹینس کے بیڈ بوائے آسٹریلیا کے برنارڈ ٹامک کا رویہ ان کے لئے ایک بار پھر پریشانی کا سبب بن گیا۔ یو ایس اوپن میں انہیں کھیل کے دوران تماشائی سے الجھنے پر10 ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ سال کے آخری گرینڈ سلم میں پہلے ہی راؤنڈ میں بوسنیا سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر72 دمیر زمہور کے خلاف اپ سیٹ شکست کے بعد ٹامک کو تماشائیوں کےخلاف نازیبا زبان استعمال کرتے دیکھا گیا تھا۔ تاہم انہوں نے اپنے رویے پر معافی مانگ لی تھی، لیکن ان کی معذرت کام نہیں آئی اور ان پر ٹورنامنٹ میں اب تک کا سب سے زیادہ جرمانہ لگادیا گیا۔ رقم ان کی میچ فیس سے کاٹ لی جائے گی۔ خیال رہے کہ یوایس اوپن کے مین ڈرا میں اب تک ٹورنامنٹ حکام نے 15مختلف الزامات میں جرمانے لگائے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے ابتدائی 3دن میں حکام نے مختلف کھلاڑیوں پر ریکٹ توڑنے، کھیل روح کے منافی برتائو اور بدزبانی جیسے الزامات پرمختلف کھلاڑیوں پر مجموعی طور پر 35،600 ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے