ھفتہ, 23 نومبر 2024


آفریدی اور پشاور ظالمی میں صلح

ایمز ٹی وی(کھیل) شاہد آفریدی کے پشاور زلمی سے ’’معاملات‘‘ ٹھیک ہو گئے، آل راؤنڈر نے پی ایس ایل فرنچائز تبدیل کرنے کاارادہ بدل دیا، آئندہ سیزن بھی وہ اسی ٹیم کی نمائندگی کرینگے، اس ضمن میں گذشتہ دنوں ٹیم اونر سے فیصلہ کن مذاکرات ہوئے،آفریدی کو پشاور زلمی فاؤنڈیشن کا صدر بنایا جا رہا ہے جبکہ پہلی بار باقاعدہ معاوضہ طے کرتے ہوئے تحریری معاہدہ بھی ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سابق قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی نے رواں برس پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی تھی،اسی دوران ان کے ٹیم اونر سے اختلافات ہوگئے،انھوں نے بددل ہو کر فرنچائز چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا مگر بعض ’’بڑوں‘‘ نے اس اقدام سے باز رکھا، ذرائع نے بتایا کہ آفریدی کے ایک دوسری ٹیم سے معاملات تقریباً طے بھی ہو چکے تھے جو انھیں ’’کنگز‘‘ کی طرح رکھنے کو تیار تھی، مگر پھر گذشتہ دنوں پشاور زلمی کے اونر سے فیصلہ کن ملاقات ہوئی جس میں گلے شکوے دور کر لیے گئے، آفریدی کو اب پشاور زلمی فاؤنڈیشن کا صدر بنایا جا رہا ہے، خیبر پختونخوا میں اس کے تمام معاملات وہی دیکھیں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں آل راؤنڈر کا کوئی تحریری معاہدہ موجود نہیں تھا تاہم اب باقاعدہ ایک رقم طے کرتے ہوئے کنٹریکٹ کیا جائے گا۔ دوسری جانب ذرائع نے مزید بتایاکہ پشاور زلمی بطور مینٹور سابق عظیم آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن کی خدمات بھی حاصل کرنے پر غور کر رہی ہے، اس ضمن میں آئندہ چند ہفتوں میں کوئی فیصلہ متوقع ہے، واضح رہے کہ پی ایس ایل ون میں پشاور زلمی کوتیسرے کوالیفائنگ فائنل میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے 50 رنز سے شکست دی تھی، آفریدی نے ایونٹ میں 10 وکٹیں لینے کے ساتھ 87 رنز اسکور کیے تھے، دوسرا ایڈیشن آئندہ برس کے اوائل میں ہوگا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment