ایمز ٹی وی (کراچی) آف اسپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کے سیمی فائنل کھیلنے کا امکان ہی دکھائی نہیں دیتا۔ پاکستان کی بولنگ اس ٹورنامنٹ کے لیے اتنی مضبوط نہیں ہے،اگر حفیظ کلیئر نہ ہوئے تو پھر بولنگ اٹیک کی بڑی آزمائش ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ اگر گرین شرٹس ایونٹ میں بہترین کارکردگی پیش کرنا چاہتے ہیں تو اس کا انحصار 2 سینئر ترین بیٹسمینوں مصباح الحق اور یونس خان پر ہوگا، انھیں بڑی اننگز سے دیگرکھلاڑیوں کے حوصلے بڑھانا ہوں گے۔ پاکستانی بیٹسمینوں کو زیادہ ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں کردار نبھانا ہوگا، میرا بدستور یہی خیال ہے کہ پاکستان ایونٹ کی ٹاپ فور ٹیموں میں شامل نہیں ہوگا، میں سیمی فائنلز میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور بھارت کو آپس میں کھیلتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔ آف اسپنر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر شدید مایوسی ہوئی، میں خاص طور پر آسٹریلیا کی کنڈیشنز میں اپنی بولنگ کے جوہر دکھانا چاہتا تھا جہاں اسپنرز کو زیادہ باؤنس ملتا ہے۔